• news

طلال اکبر بگٹی کی سبی ڈویژن میں الیکشن ملتوی کرانے کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست

کوئٹہ (آئی این پی+ثناءنیوز+ نوائے وقت رپورٹ) جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ طلال اکبر بگٹی نے سبی ڈویژن میں انتخابات ملتوی کرانے کے لئے بلوچستان ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔ نوابزادہ طلال اکبر بگٹی کی جانب سے دائر درخواست میں مو¿قف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈیرہ بگٹی میں 2005کے فوجی آپریشن کے بعد سے اب تک تقریبا ڈھائی لاکھ بگٹی مہاجرین صوبہ بلوچستان ، پنجاب اور سندھ میں کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں اکبر بگٹی کے خاندان سمیت دیگر بگٹی مہاجرین کو ان کے علاقے ڈیرہ بگٹی میں دوبارہ اباد کر کے ان کا اندراج ووٹر لسٹوں میں نہیں کروایا جاتا اس وقت تک ڈیرہ بگٹی میں انتخابات کا جواز نہیں۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال بگٹی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود بگٹی خاندان اور مہاجرین کو ڈیرہ بگٹی میں آباد نہیں کیا جارہا ، چیف سیکرٹری عدالتی احکامات پر عمل نہیں کررہے۔ طلال بگٹی کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے شاہ زین بگٹی کو ڈیرہ بگٹی جانے کی اجازت نہیں دی جارہی، ان کا کہنا تھا کہ ہمیں عدلیہ سے انصاف ملنے کی توقع ہے اگر عدالت سے انصاف نہ ملا تو لوگ ہتھیار اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق جمہوری وطن پارٹی کے رہنما گہرام بگٹی نے کہا ہے کہ ڈیڑھ لاکھ مہاجرین کو ڈیرہ بگٹی جانے کی اجازت دی جائے۔ نگران حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمیں گھر جانے کی اجازت دی جائے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ ووٹ ڈالنے کی اجازت تو دور کی بات ہمیں اپنے علاقے میں بھی جانے نہیں دیا جا رہا۔ الیکشن کمشن سے اپیل کرتے ہیں کہ ہمارے لئے ووٹ ڈالنے کا انتظام کیا جائے۔ 

ای پیپر-دی نیشن