• news

دہشت گردوں کے سامنے جھکیں گے نہ الیکشن کا بائیکاٹ کرینگے: فاروق ستار

لا ہور (کامرس رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کسی حال میں الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کرے گی پہلے بلٹ کا مقابلہ بیلٹ سے ہوا، آج بیلٹ کا مقابلہ بلٹ اور بم سے ہے، ہم دہشت گردوں کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے۔ وہ بزنس کمیونٹی سے خطاب کر رہے تھے۔ اس مو قع پر ایف پی سی سی آئی کے پنجاب ریجن کے چیئرمین اظہر سعید بٹ نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے اپنی جما عت کا معاشی وژن پیش کر تے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک کو تین بڑے مسائل کا سامنا ہے جن میں پہلا معاشی بدحالی، دوسرا دہشت گردی اور تیسرا بلوچستان کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اقتدار میں آ کر ڈائریکٹ ٹیکسوں کا نظام لائیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ بجلی کا بحران ایک سال میں ختم کیا جا سکتا ہے مگر اس کے لئے دیگر اخراجات کو ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کا ہر شہر صلاحیتوں سے مالا مال ہے اگر کاٹیج انڈسٹری اور ایس ایم ایز کو ترقی دی جائے تو کوئی وجہ نہیں کہ پاکستان عالمی معیشتوں میں اہم مقام حاصل کر سکے۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے پنجاب ریجن کے چیئرمین اظہر سعید بٹ نے کہا کہ بزنس کمیونٹی لوڈشیڈنگ اور لا اینڈ آرڈر کی بگڑتی ہو ئی صورتحال کے باعث انتہائی مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو پر کڑی تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ٹیکسوں کے نظام کو تبدیل کیا جانا ضروری ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن