کھوسو سے وزیر مذہبی امور جمال نذیر وزیر ہاﺅسنگ یونس سومرو کی ملاقاتیں
اسلام آباد (این این آئی) نگران وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو سے نگران وزیر مذہبی امور شہزادہ جمال نذیر نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزارت سے متعلقہ مختلف امور زیر غور آئے۔ وزیراعظم نے نگران وزیر کو آنے والے حج کے تمام ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔ وفاقی وزیر نے حج 2013ءکیلئے کئے جانے والے انتظامات سے آگاہ کیا جس پر وزیراعظم نے اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے وفاقی وزیر کو ہدایت کی کہ وہ مذہبی رہنماﺅں اور علما پر زور دیں کہ وہ معاشرے میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔میر ہزار خان کھوسو نے کہا ہے کہ حکومت متوسط اور کم آمدنی والے شہری علاقوں میں بسنے والے طبقہ کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بات نگران وزیر ہاﺅسنگ و تعمیرات ڈاکٹر یونس سومرو سے وزیراعظم سیکرٹریٹ میں ملاقات کے دوران کہی۔ ڈاکٹر سومرو نے وزیراعظم کو وزارت کے کام اور اس کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔ اجلاس کے دوران وزارت سے متعلقہ دیگر امور بھی زیر بحث لائے گئے۔