افغانستان : بم دھماکہ‘ 5 امریکی‘ افغان اہلکار کی فائرنگ سے دو نیٹو فوجی ہلاک
کابل (نوائے وقت رپورٹ + رائٹرز) جنوبی افغانستان میں بم دھماکے میں 5 امریکی فوجی اور ”فرینڈلی فائرنگ“ سے 2 نیٹو اہلکار ہلاک ہو گئے۔ نیٹو ترجمان کے مطابق 5 امریکی فوجی دھماکے میں ہلاک ہو گئے ان پر طالبان نے حملہ نہیں کیا۔ ضلع میاں وند ضلع میں امریکی فوجیوں کی گاڑی بم سے ٹکرا کر تباہ ہو گئی۔ یاد رہے طالبان نے نیٹو اور امریکی فوجیوں پر حملوں کی دھمکی کے بعد ملک گیر کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ جن میں غیر ملکی افواج کے اڈوں اور سفارتکاروں کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ادھر جنوبی افغانستان میں ایک بیس پر افغان فوجی نے فائرنگ کر کے 2 نیٹو فوجیوں کو ڈھیر کر دیا۔ نیٹو نے ہلاک ہونیوالے فوجیوں کی شہریت نہیں بتائی لیکن حملے میں انکی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔