انتخابی ضابطہ کی خلاف ورزی، مریم نواز نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر سے نوٹس وصول کر لیا
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر/ سیشن جج لاہور نذیر احمد گجانہ کی عدالت میں گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز شریف نے پیش ہو کر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے حوالے سے نوٹس وصول کرلیا۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی جنہوںنے احاطہ عدالت کو چاروں اطراف سے گھیر ے میں لے رکھا تھا جبکہ مریم نوازکے سکیورٹی گارڈز بھی موجود تھے۔ عدالت کے باہر مریم نواز نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) نے انتخابی ضابطہ اخلاق بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ہم اسکی خلاف ورزی کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ ہم جہاں جاتے ہیں لوگوں کا اتنا پیار ملتا ہے کہ جم غفیر جمع ہو جاتا ہے اور ریلی کی صورت بن جاتی ہے۔ میں نے خود کوئی ریلی نہیں نکالی۔ انہوں نے کہا کہ لاہورصرف مسلم لیگ (ن) کا ہے۔ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں۔ عدالتیں قانون کے مطابق انصاف دے رہی ہیں۔ ہم کسی پارٹی سے خوفزدہ نہیں۔ دریں اثناءمریم نواز کے آنے سے 20 منٹ قبل میاں مرغوب احمد بھی ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کے سامنے پیش ہوئے اور انہوں نے بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا نوٹس وصول کیا۔ عدالت نے وکلاءکی درخواست پر دونوں رہنماوں کو 4مئی تک کی آخری مہلت دے رکھی تھی۔ قبل ازیں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، عبدالعلیم خان اورمسلم لیگ کے رہنما بلال یاسین اپنا نوٹس وصول کر چکے۔ عمران خان، مریم نواز، بلال یٰسین، علیم خان اور میاں مرغوب پر الزام ہے کہ انہوں نے جنرل الیکشن 2013ءکے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 38اور39 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ریلیاں نکالی تھیں۔ عدالت نے مریم نواز کو شو کاز نوٹس کا جواب 6 مئی تک داخل کرانے کی ہدایت کی ہے۔