این اے ون پشاور: عمران خان کی بہنوں کی گھر گھر انتخابی مہم
پشاور (آئی این پی) عمران خان کی بہنوں اور خواتین ونگ کی مرکزی رہنما فوزیہ قصوری نے این اے ون پشاور میں عمران خان کی انتخابی مہم شروع کر دی۔ عمران خان کی بہنوں نورین نیازی، علیمہ خان اور عظمیٰ نیازی نے ہفتے کے روز پشاور میں این اے ون کے انتخابی دفتر کا دورہ کیا۔ دفتر کے دورے کے بعد عمران خان کی بہنوں اور پارٹی رہنما¶ں نے این اے ون کے مختلف علاقوں میں ڈور ٹو ڈور مہم چلائی اور گھر گھر جا کر خواتین کو تحریک انصاف کے منشور اور مشن سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر پشاور کے عوام اور خواتین نے عمران خان کی بہنوں کا شاندار استقبال کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ نورین نیازی، علیمہ خان، عظمیٰ نیازی اور فوزیہ قصوری نے اس موقع پر میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ این اے ون پر عمران خان کی کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پی کے، فاٹا سمیت ملک بھر میں جو تباہی پھیلی ہے اس کا خاتمہ صرف عمران خان ہی کر سکتے ہیں۔ اب تک سب پارٹیوں نے دہشت گردوں کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کا ووٹ ڈالنا انتہائی ضروری ہے اسی لئے گھر گھر جا کر مہم چلا رہے ہیں۔