فائرنگ سے جاںبحق ہونے والے خرم قادری سپرد خاک، شرکا جنازہ کا دھرنا
لاہور (سٹاف رپورٹر) ٹبی سٹی کے علاقہ میں گذشتہ روز نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاںبحق ہونے والے سنی تحریک علما بورڈ کے رکن علامہ خرم رضا قادری کی نماز جنازہ داتا دربار کے احاطہ میں ادا کی گئی۔ امامت پروفیسر قاری مشتاق قادری نے کروائی۔ نماز جنازہ میں سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری، بانی ادارہ صراط مستقیم ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی، خطیب داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی سمیت کثیر تعداد میں علما و مشائخ نے شرکت کی۔ اس موقع پر ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ کراچی کے بعد پنجاب میں سنی تحریک کے کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر سوالیہ نشان ہے۔ علامہ خرم رضا قادری کی شہادت پنجاب کی نگران حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے۔ سنی تحریک کے کئی رہنماو¿ں کو دہشت گردوں کی طرف سے دھمکیاں مل رہی ہیں کئی بار حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تحریری آگاہ کیا مگر کسی کے کان پر کوئی جوں نہیں رینگی۔ حکمران اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اہلسنت کو لاوارث نہ سمجھیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ خرم رضا قادری کا قتل الیکشن کو سبورتاژ کرنے اور فرقہ واریت کو ہوا دینے کی سازش ہے۔ محب وطن عوام کو حکمرانوں نے مٹھی بھر دہشت گردوں کے سپرد کر دیا ہے۔ حکمران اوربعض سیاسی جماعتیں شدت پسندوں کی سرپرستی کر رہی ہیں۔ آج پنجاب بھر میں دہشت گردی کے خلا ف پر امن احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ دریں اثناءنماز جنازہ کے بعد چوک یادگار میں دھرنا دیا گیا جو کہ دو گھنٹے تک جاری رہا۔ جس میں سنی تحریک کے رہنماو¿ں نے انتطامیہ کو اڑتالیس گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ اگر قاتل گرفتار نہیں ہوتے تو 6 مئی کو پریس کلب کے سامنے دھرنا ہو گا۔ بعدازاں ایس ایس پی لاہور کی یقین دہانی پر دھرنا ختم کیا گیا۔