خسرہ نے ایک اور بچے کی جان لے لی، حفاظتی ٹیکوں کی مہم جاری
لاہور+ شورکوٹ (سپیشل رپورٹر+ نامہ نگار) خسرہ نے ایک اور بچے کی جان لے لی۔ چلڈرن ہسپتال لاہور میں زیر علاج گوجرانوالہ کا رہائی 7 ماہ کا عمیر خسرہ کی بیماری کے باعث انتقال کر گیا۔ اس طرح لاہور میں مرنے والے بچوں کی تعداد 42 ہو گئی جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں خسرہ سے متاثرہ 73 نئے بچے شہر کے مختلف ہسپتالوں میں لائے گئے۔ شورکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق شورکوٹ اور گرد و نواح میں بھی خسرے کی وبا پھیل گئی۔ پنجاب حکومت کی خسرے کی وبا سے بچنے کے لئے حفاظتی ٹیکوں کی مہم جاری ہے جس کے تحت لاہور میں 30 لاکھ سے زائد بچوں کو بیماری سے بچا کے ٹیکے لگائے جا رہے ہیں۔ خسرے سے بچاﺅ کے ٹیکے ہفتے اور اتوار کی چھٹی کے باوجود لگائے جائیں گے۔