ثنااللہ کا دماغ مردہ ہو چکا: بھارتی ڈاکٹر پاکستانی ہائی کمشنر عیادت کیلئے بھارت جائینگے
اسلام آباد / دہلی (آن لائن/ نیشن رپورٹ/ سٹاف رپورٹر) بھارت میں چندی گڑھ کے ہسپتال میں زیرعلاج پاکستانی قیدی ثنااللہ کی حالت بدستور تشویشناک ہے اور بلڈ پریشر کم ہو رہا ہے۔ دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ ثنااللہ قومے میں وینٹی لیٹر پر ہیں۔ علاوہ ازیں بھارت نے پاکستانی ہائی کمشنر کو زخمی قیدی ثنااللہ کی عیادت کی اجازت دے دی۔ پہلے قیدی تک قونصلر رسائی بھی دے چکا ہے۔ ہائی کمشنر کو بھی ثنااللہ سے ملنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں پاکستانی ہائی کمشنر سلمان بشیر بھی ثنااللہ کی عیادت کے لئے چندی گڑھ جائیں گے۔ جبکہ چندی گڑھ ہسپتال کے ڈاکٹرز نے ثنااللہ کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق ان کی دماغی موت واقع ہو چکی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ثنااللہ کے زندہ بچنے کے امکانات کم ہیں کیونکہ اس کے سر اور گردن پر تاک کر وار کئے گئے ہیں۔ پاکستان میں قید بھارتی قیدی سربجیت سنگھ پر حملہ اور اس کی ہلاکت کے بعد ثنااللہ پر حملہ کا واقعہ پیش آیا۔ ثنااللہ کے اہل خانہ نے کہا کہ ثنااللہ کی موت ہو چکی ہے وہ اب بھارت نہیں جائیں گے۔ ان کی میت پاکستان لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ویزہ نہیں لینا چاہتے اور نہ ہی بھارت جانا چاہتے ہیں۔ اہلخانہ نے کہا کہ پاکستانی حکومت کی طرف سے ابھی تک ان سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔ گذشتہ رات اسسٹنٹ کمشنر آئے تھے اور ویزہ کے لئے کوششیں کرنے کا کہہ کر چلے گئے۔ واضح رہے کہ ثنااللہ 16سال قبل مویشی چراتے ہوئے غلطی سے سرحد پار کر گئے تھے۔