11 مئی کو پاکستان میں ہونگا، کرپٹ انتخابی نظام کیخلاف دھرنا ہو گا: طاہر القادری
برمنگھم + لاہور (آئی این پی) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ کرپٹ نظام اور غیر آئینی الیکشن کمشن کے تحت ہونیوالے انتخابات میں نظام بدلنا تو دور کی بات چہرے بھی نہیں بدلےں گے، موجودہ کرپٹ نظام انتخاب نے ملک کو تباہی کے کنارے پر پہنچا دیا ہے ایسا کرپٹ انتخابی نظام پاکستان کو ترقی نہیں دے سکتا اسکو اٹھا کر سمندر میں پھینکنا ہو گا ، سابق نا اہل کرپٹ حکمران ایک بار پھر تمام طاقت اور وسائل اپنے قبضے میں لا کر عوام کو انکے بنیادی حقوق سے محروم رکھنا چاہتے ہیں، موجودہ کرپٹ نظام انتخاب کے ہوتے ہوئے تبدیلی نہیں آ سکتی۔ تبدیلی کا نعرہ لگانے والے 12مئی کو دھاندلی کے الزامات لگا رہے ہوں گے اور مزید مایوسی پھیلائیں گے، تبدیلی لانے کےلئے پہلے اپنی ذات میں تبدیلی لانا پڑتی ہے، انشاءاللہ 11مئی کو پاکستان میںہونگا اور کرپٹ انتخابی نظام کے خلاف تاریخی اجتماعی دھرنا ہو گا۔ وہ گزشتہ روز برمنگھم میں پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام کرپٹ نظام انتخاب کے خلاف منعقدہ سیمینار بعنوان”پاکستان اور جمہوریت“ سے خطاب کررہے تھے۔ طاہر القادری نے کہا کہ 11 مئی کو کرپٹ اور جھرلوانتخابات کے نتیجے میں معلق پارلیمنٹ وجود میں آئیگی اور پھر نئی حکومت کے قیام تک کرپشن کی نئی منڈیاں لگیں گی جس کے نتیجے میں ایک بار پھر ملک میں لٹیرے ،بدیانت،ٹیکس چوروں کی حکومت قائم ہو گی۔ 11مئی کی شام سب جان لیں گے کہ کرپٹ انتخابی نظام اور غیر آئینی الیکشن کمیشن کے تحت ہونیوالے الیکشن ملک میں کیا تبدیلی لائے ہیں۔ 11 مئی کو پاکستان عوامی تحریک کے دھرنوں میں شرکت کر کے کرپٹ انتخابی عمل کو مسترد کردیں۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر طاہر القادری 11 مئی کو پنجاب اسمبلی کے سامنے انتخابی نظام کے خلاف احتجاجی دھرنے سے خطاب کریں گے۔ 11 مئی کو پاکستان عوامی تحریک لاہور سمیت ملک بھر کے تمام شہروں میں انتخابی پولنگ سٹیشنوں کے قریب دھرنے دیگی اور لاہور میں اس سلسلے میں پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ پر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا جس سے ڈاکٹر طاہر القادری اور پاکستان عوامی تحریک کے دیگر رہنما خطاب کریں گے۔
طاہر القادری