کچھ قوتیں انتخابات میں جے یو آئی کا راستہ روکنے کی کوششیں کر رہی ہیں: فضل الرحمان
اسلام آباد+ لاہور (ثنا نیوز+ آئی این پی) جمعیت علما اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کچھ قوتیں جے یو آئی کا راستہ روکنے کی کو شش کر رہی ہیں، اگر ایسا کیا گیا تو ملک کے مستقبل کا فیصلہ سیاسی اور آئینی قوتیں نہیں بلکہ غیر ریاستی قوتیں کرینگی۔ اتوار کو ترجمان کی جانب سے جاری بیان مےں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قومی وحدت پارہ پارہ ہے، معیشت زبوں حالی کا شکار اور جمہوری اقدار پامال ہےں ایسی صورتحال میں جے یو آئی ہی ملک اور قوم کی امید ہے۔ لیکن بعض قوتیں جمعیت کے خلاف سازشوں میں مصروف عمل اور چاہتی ہیں کہ جمعیت کو جمہوری عمل سے باہر رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ماضی کے تلخ تجربات کو دہرایا گیا تو ملک میں امن اور جمہوری انداز سے سیاست کر نے والے مذہبی سیاسی قوتیں مایوس ہو جائیں گی۔ دریں اثناءاین اے 121لاہور سے امیدوار جے یو آئی میاں محمد آصف سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ عام انتخابات میں عوام یہودیوں کے پٹھو کو مسترد کرکے اس کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے سمندر برد کر دے گی، ملک میں تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کا مشن غیروں کا ایجنڈا مسلط کرنا اور اقتدار کی کرسی تک پہنچنا ہے، پاکستانی قوم جاگ رہی ہے یہاں پر یہودیوں کا سونامی نہیں چلنے دیا جائے گا۔ این این آئی کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ انہوں نے عمران خان کے بارے میں فتویٰ نہیں دیا انہیں میں صرف یہودی ایجنٹ کہتا ہوں۔ فوجی آمریت کا عذاب اپنی جگہ عوام کو جمہوریت بھی کچھ نہیں دے سکی ¾ این آر او اور اصغر خان سمیت دیگر سکینڈلز میں جمعیت کا کوئی شخص ملوث نہیں۔ جے یو آئی کے سربراہ نے کہاکہ سیاست کا مطلب گلی کوچوں کی صفائی نہیں بلکہ ملک کو طاقتور بنانا ضروری ہے۔
فضل الرحمن