• news
  • image

پرامن انتخابات یقینی بنانے کیلئے پنجاب بھر میں ٹھوس اقدامات کر لئے: نجم سیٹھی

لاہور (خبرنگار+ اے پی پی) نگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے منصفانہ، غیرجانبدارانہ، شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے صوبہ بھر میں ٹھوس اقدامات کئے ہیں‘ پنجاب میں دنیا کا جدید ترین الےکشن انفارمیشن سسٹم تشکیل دیا گیا ہے جس کے ذرےعے ضابطہ اخلاق کی پابندی سمیت پورے انتخابی عمل کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس مقصد کے لئے سول سیکرٹریٹ میں پنجاب الےکشن انفارمیشن سینٹر قائم کیا گیا ہے‘عام انتخابات کا پرامن ماحول میں انعقاد یقینی بنانے کے لئے بین الاقوامی اور ملکی حالات کے تناظر میں صوبہ بھر میں سکیورٹی کے انتظامات کو مزید سخت کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے صحافیوںکے 6رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے ایوان وزیراعلیٰ میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے غیرملکی صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں تشکیل دیا گیا انفارمیشن کا جدید نظام انتخابات کے شفاف اور منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے معاون و مددگار ثابت ہوگا۔ شہریوں کی شکایات دور کرنے کے لئے ہاٹ لائن قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ الےکشن انفارمیشن سینٹر میں انتخابی ضابطہ اخلاق کے حوالے سے کسی بھی قسم کی خلاف ورزی یا بے قاعدگی کی شکایت موصول ہونے پر متعلقہ حکام کو اس کے فوری ازالہ کے لئے ہدایات جاری کی جاتی ہیں۔ شکایت کا ازالہ ہونے کے بعد شکایت درج کرانے والے شہری کو آگاہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کسی شکایت پر فوری ایکشن نہ لینے والے ذمہ داروں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لانے کا میکنزم موجود ہے۔ انہوں نے کہاکہ عام انتخابات کے دوران ووٹر کو اپنا حق رائے دہی کے استعمال کے لئے پرامن ماحول یقینی بنایا جائے گا تا کہ وہ بلا خوف و خطر اپنی مرضی کے مطابق اپنے ووٹ کا حق استعمال کر سکے۔
نجم سیٹھی

epaper

ای پیپر-دی نیشن