• news
  • image

مہاجر کا لفظ استعمال نہیں ہونا چاہیے‘ حملے متحدہ ہی نہیں مسلم لیگ (ن) جماعت اسلامی پر بھی ہو رہے ہیں : نگران وزیر داخلہ

کراچی (سٹاف رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) نگران وفاقی وزیر داخلہ ملک حبیب نے کہا ہے کہ دہشت گرد انتخابات کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔ کسی کو بھی امن و امان کو جواز بناکر الیکشن ملتوی نہیں کرنے دینگے۔ حملے صرف ایم کیو ایم پر ہی نہیں مسلم لیگ (ن) اور جماعت اسلامی پر بھی ہو رہے ہیں۔ کراچی کے حالات پر گہری نظر ہے۔ نائن زیرو پر ایم کیو ایم رہنماﺅں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ ملک میں تبدیلی صرف ووٹ کے ذریعے آ سکتی ہے یقین دلاتا ہوں کہ کراچی کے حالات میں بہتری آئے گی دھماکوں کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے دھماکوں کے ملزمان کو جلد گرفتار کر لیں گے۔ ایم کیو ایم کے حوصلے بلند ہیں پاکستان کو وجود میں آئے 65 برس ہو گئے ہیں اب تک مہاجر کا لفظ ختم ہو جانا چاہئے اور مہاجر کا لفظ استعمال نہیں ہونا چاہئے۔ ہم سب پاکستانی ہیں یہاں کوئی مہاجر نہیں عوام ووٹ کا صحیح استعمال کریں گے تو الیکشن کو سبوتاژ کرنے والے پیچھے چلے جائیں گے تمام سیاسی جماعتوں کے تحفظات دور کریں گے۔ ملک میںصاف و شفاف انتخابات کرانا ہماری ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات الیکشن کے انعقاد پر سوالیہ نشان ہیں ۔ امن و امان کی صورتحال خراب رہی تو خدشہ ہے ووٹرز الیکشن کے دن نہ نکلیں امید ہے وزیر داخلہ دہشت گردی رکوانے میں کردار ادا کریں گے۔ اے پی اے کے مطابق نگران وفاقی وزیر داخلہ نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے اور دہشت گردی کے باوجود متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے صبروتحمل کا مظاہرہ کئے جانے کو قابل تحسین قرار دیا۔ ذرائع کے مطابق ملک حبیب نے الطاف حسین سے ایم کیو ایم کے انتخابی دفاتر پر بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کی مذمت کی ہے الطاف حسین نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے حوصلے آج بھی بلند ہیں ۔ قبل ازیں کراچی پہنچنے پر ائر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک حبیب نے کہا ہے کہ مخصوص مائنڈ سیٹ کو بدلنے میں وقت لگے گا۔ انتخابات کے موقع پر ووٹر ٹرن آ¶ٹ اچھا ہوگا کراچی میں ہونیوالے دھماکوں میں مماثلت پائی جاتی ہے۔ حملے صرف ایم کیو پر نہیں بلکہ جماعت اسلامی اور مسلم لیگ (ن) پر بھی ہو رہے ہیں ۔ امن و امان کی صورتحال پر نظر رکھنے کیلئے آرمی اور ایف سی بھی تعینات کی گئی۔ کراچی پہنچنے پر ائرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا ہے کہ انتخابات میں ووٹرز کا ٹرن آ¶ٹ اچھا ہوگا امن و امان کی صورتحال پر حکومت کی گہری نظر ہے۔ کراچی سمیت ملک بھر میں پرامن انتخابات کیلئے نگران حکومت ہرممکن اقدامات کر رہی ہے کراچی میں قیام امن کیلئے پولیس اور رینجرز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ دریں اثناء ملک حبیب نے کراچی میں12 روز میں سیاسی جماعتوں کے دفاتر پر9 بم دھماکوں کے حوالے سے کراچی میں فول پروف سکیورٹی پلان کی منظوری دیدی۔ امن و امان کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کراچی کے سیکیورٹی پلان پر طویل مشاورت کی ان کو حساس اداروں‘ پولیس اور رینجرز کے حکام نے بریفنگ دی۔ وزیر داخلہ نے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ کراچی میں شہری کمیٹیوں کو فعال کریں۔ ملک حبیب نے پولیس اور رینجرز کو فلیگ مارچ کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہاکہ حساس پولنگ سٹیشنوں پر فوج تعینات کرنے پر غور ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن ملتوی نہیں ہونے دیں گے۔ ضرورت پڑنے پر فوج تعینات کریں گے۔
 نگران وزیراعلیٰ

epaper

ای پیپر-دی نیشن