دہشت گردوں، طالبان کا نہیں، قائد اور اقبال کا پاکستان چاہتے ہیں: الطاف حسین
جہانیاں (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے ایم کیو ایم قائد اعظم اور علامہ اقبال کا روشن خیال پاکستان چاہتی ہے دہشت گردوں اور طالبان کا پاکستان نہیں۔ جہانیاں میں انتخابی جلسے سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا انتخاب سر پر ہیں اور دہشت گرد روشن خیال جماعتوں کے دفاتر اور جلسوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ الطاف حسین نے جہانیاں کے عوام کے لیے خدمت خلق فاونڈیشن کے تحت دو دن میں ایمبولینس سینٹر بنانے کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ جنوبی پنجاب کے کاشتکاروں کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے۔ کسانوں کو بجلی اور پانی نہیں مل رہے۔ ایم کیو ایم اقتدار میں آئی تو کسانوں کے دیرینہ مسائل حل کردے گی الطاف حسین نے اس موقع پر اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ایم کیو ایم دہشت گردوں کے آگے سر نہیں جھکائے گی اور انتخابات میں بھرپور انداز میں حصہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو آزاد اور خود مختار صوبہ بنایا جائے، عوام اچھے نعرے اور سبز باغ دکھانے والوں کی طرف نہ جائیں، عوام سیاست دانوں کا کردار دیکھیں، انتخابات میں کامیاب ہوکر عوام کے مسائل حل کریں گے، جہانیاں میں کمیونٹی سینٹر، ہسپتال اور تعلیمی سہولتیں فراہم کریں گے، انہوں نے کہا کہ دین میں جبر نہیں تو پھر مساجد اور امام بارگاہوں پر حملے کیوں ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منفی پروپیگنڈے کے باوجود پنجاب میں ایم کیو ایم کی مقبولیت کو نہیں روکا جاسکا۔