• news

بھارت میں پاکستانی قیدی پر حملہ کیخلاف آج یوم احتجاج منایا جائیگا

 مظفرآباد(آن لائن)وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کی کال پر بھارتی جیل میں پاکستانی قیدی ثناءاللہ پر سازش کے تحت قاتلانہ حملے کیخلاف آج پیر کو ریاست جموں وکشمیر کے دونوں اطراف، پاکستان کے چاروں صوبوں سمیت پوری دنیا میں یوم احتجاج ملی بیداری کے ساتھ بھرپور انداز میں منایا جائیگا۔ مرکزی اجتماع سنٹرل پریس کلب مظفرآباد میں ہو گا جس سے تمام مکاتب فکر کے زعماءخطاب کریں گے۔ یوم احتجاج کے روز عام تعطیل نہیں ہو گی۔ آج تمام ضلعی تحصیل سٹی مقامات پر احتجاجی جلسے جلوس ریلیاںنکالی جائیں گی اورشرکاءپیدل مارچ کر کے اقوام متحدہ کے مشن دفاتر کے سامنے دھرنا دینے کے بعد بھارتی دہشت گردی کے خلاف اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون کے نام احتجاجی میمورنڈم پیش کریں گے۔ پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید نے کہا کہ آج وزیر اعظم کی کال پر ریاست جموں وکشمیر کے دونوں اطراف پاکستان بھر سمیت پوری دنیا میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور تحریک آزادی کشمیر کو طاقت کے بل بوتے کچلنے اور شہید مقبول بٹ، شہید افضل گورو کے جسد خاکی ان کے ورثاءکے حوالے نہ کرنے پر بھی متفقہ قومی یکجہتی کاحسب روایت عملی مظاہرہ کیا جائیگا جبکہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا پاکستانی قیدی ثناءاللہ کو انسانی ہمدردی کی بناءپر فوری پاکستان کے حوالے کئے جانے کیلئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے فیصلہ کن کردار ادا کرنے اور آئندہ ایسے واقعات کے سد باب کیلئے اپیل کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ سربجیت سنگھ مسلمہ بھارتی دہشت گرد تھا۔ حکومت آزادکشمیر21 مئی سے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنمامیر واعظ عمر فاروق کی کال پر ریاست بھر میں ہفتہ شہداءپورے قومی جذبے سے منائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن