• news
  • image

آرمی چیف کا دورہ بلوچستان‘ الیکشن پرامن بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کی ہدایت

کوئٹہ(نوائے وقت رپورٹ+ اے پی اے+ آئی این پی)آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے بلوچستان کا دورہ کیا،آرمی چیف نے انتخابات 2013کیلئے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ امن اوامان کی صورتحال بہتر بنائی جائے،آرمی چیف نے الیکشن پرامن بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ سیکورٹی کا جامع اور مربوط پلان تیار کیا گیا ہے، فوج آئین کے آرٹیکل 245کے تحت بلائی گئی ہے جس کا مقصد انتظامیہ کی معاونت کرنا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی دستوں نے مشترکہ پٹرولنگ شروع کردی ہے، انتخابات کے دوران ضرورت پڑی تو فوج کارروائی بھی کریگی، کوئیک رسپانس کے طور پر فوجی اہلکار وں کو ہیلی کاپٹر بھی مہیا کردیے گئے ہیں، بلوچستان میں بیلٹ پیپرز کی ترسیل پاک فوج کی ذمہ داری ہے، 11حلقوں میں بیلٹ پیپر کی ترسیل بذریعہ سٹرک مکمل کرلی گئی ہے، امیدواروں کی سیکورٹی پولیس اور لیویز کی ذمہ داری ہے۔ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا کہ انتخابات پر امن بنانے کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں۔ سیکورٹی پلان پر عملدآمد کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروے کار لائے جائیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بلوچستان کے تمام اضلاع میں فوج پہنچ گئی ہے۔ انتخابات کے دوران ضرورت پڑی تو فوج کارروائی کرے گی۔ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کوئٹہ کا مختصر دورہ کیا۔ انہیں بلوچستان میں انتخابات سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے بلوچستان میں پرامن انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ بلوچستان میں بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ کوئیک رسپانس فورس کو ہیلی کاپٹرز فراہم کردیئے گئے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ بلوچستان میں شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لئے مربوط سکیورٹی پلان تشکیل دیدیا گیا ہے، 7 ہزار فوجی جوانوں سمیت 62 ہزار اہلکار پولنگ سٹیشنوں پر سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے، کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے کوئیک ری ایکشن فورس جن کو ہیلی کاپٹر کی مدد حاصل ہے فوری کارروائی کرے گی۔ سدرن کمانڈ ہیڈ کوارٹر میں خصوصی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں سدرن کمانڈ میجر جنرل عالم خٹک، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، آئی جی ایف سی، سیکرٹری داخلہ اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہوں نے شرکت کی۔ جنرل کیانی نے الیکشن سکیورٹی پلان کا جائزہ لیا، اس پر اعتماد کا اظہار کیا۔ بلوچستان پاکستان کے 43 فیصد رقبے پر پھیلاہوا علاقہ ہے، سومربع کلومیٹر پر پولنگ سٹیشن بنائے گئے ہیں۔ راستہ طویل اور دشوار گزار ہے آخری پولنگ سٹیشن کا کوئٹہ سے فاصلہ 12 سو کلومیٹر ہے تمام اضلاع اور حلقوں میں فوج اور سول سیکورٹی اہلکاروں کی تعیناتی مکمل ہوچکی ہے۔ فوج کے ساتھ 7 ہزار جبکہ سول سیکورٹی فورسز کے 55 ہزار اہلکار تمام علاقوں میں پہنچ چکے ہیں۔ ہر ضلع اور حلقے کا جائزہ لیا ہے فوج اور سکیورٹی اہلکار مشترکہ گشت کررہے ہیں۔ دوسری اہم ذمہ داری جو فوج پر ڈالی گئی ہے وہ بیلٹ پیپرز کی ترسیل تھی جس کا مرحلہ بھی ہم مکمل کرچکے ہیں۔ 64 میں سے 53 حلقوں میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے بیلٹ پہنچا دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی اداروں کے درمیان مکمل کوآرڈینیشن موجود ہے، امیدواروں کو پولیس اور بلوچستان کانسٹیبلری کی سکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔ ہمیں چیلنجز درپیش ہیں لیکن ان سے پوری طرح نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ فوج کی تعیناتی مکمل ہوگئی ہے، اگلے دنوں میں بہتر نتائج برآمد ہوں گے۔
جنرل کیانی

epaper

ای پیپر-دی نیشن