مسلم لیگ (ن) کے ووٹ کو تقسیم کرنا ملک کیخلاف سازش ہو گی : شہباز شریف
ہارون آباد + لودھراں (نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے ہارون آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے زرداری اور حواری پانچ سال تک قوم پر مسلط رہے اور قوم کو اندھیروں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں کا یوم احتساب 11 مئی ہے اور اب اس لوڈ شیڈنگ اور لوٹ کھسوٹ مافیا میں عوام کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں۔ زرداری ٹولے نے قوم کو اندھیرے دئیے تو ہم نے قوم کے نوجوانوں کا مستقبل سنوارنے کیلئے اجالا پروگرام کے تحت اجالے اور روشنیاں تقسیم کیں۔ عمران خان کا اپنا کوئی ایجنڈا نہیں پہلے پرویز مشرف کے پولنگ ایجنٹ رہے اور اب زرداری کی بی ٹیم کے طور پر میاں نوازشریف کے ووٹ تقسیم کرنے کے سازشی مشن پر ہیں۔ انہوں نے کہا لوڈ شیڈنگ کے سلسلہ میں پنجاب کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کیا گیا اور پنجاب میں بدترین لوڈ شیڈنگ کر کے صنعت اور تجارت کی کمر توڑ دی گئی۔ قوم نے موقع دیا تو ہم دو سال میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر کے دکھائیں گے۔ پیپلز پارٹی نے ہارون آباد جیسے زرعی علاقہ جات کو مہنگی کھادوں اور مہنگے سپرے کے ذریعے تباہ کر کے رکھ دیا۔ ہمارا ایجنڈا ملک بچانے کا ہے اور قوم کے بچے ہمارا مستقبل ہیں۔ عمران خان کہتا ہے میں نے بچوں کو لیپ ٹاپ دئیے۔ میں پوچھتا ہوں میں لیپ ٹاپ نہ دیتا تو کیا ان کو کلاشنکوف دیتا۔ انہوں نے کہا عوام کا جم غفیر دیکھ کر مجھے فخر ہے اب اس حلقے میں نہ تیر ہو گا نہ ہی بلا و سائیکل رہے گی۔ انہوں نے کہا ہم نے چشتیاں میں پہلا دانش سکول بنا کر غریب بچوں کو اعلیٰ ترین تعلیمی سہولیات دیں۔ آئندہ موقع ملا تو ملک بھر میں تعلیمی انقلاب برپا کر دیں گے اور قوم کے بچے اعلیٰ تعلیم سے آراستہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا بہاولنگر میں میڈیکل کالج بنا کر جدید ترین ہسپتال تعمیر کریں گے اور اس علاقے کو جدید سہولیات سے آراستہ کریں گے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق لودھراں میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا گیارہ مئی آصف زرداری اور ان کے گروپ کا یوم حساسب ہو گا، عمران خان کہتے ہیں اوپر اللہ نیچے بلا مگر گیارہ مئی کو بلا اکیلا ہی رہے گا۔ ثناءنیوز کے مطابق انہوں نے کہا زرداری اور ان کے حواریوں نے پانچ سال تک ملک میں لوٹ مار کی سیل لگائے رکھی اور ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیا۔ ان کی ناقص کارکردگی اور بے پناہ کرپشن کی وجہ سے زراعت پیلی ہو گئی، صنعتوں کا پہیہ جام ہو گیا۔ لاکھوں لوگ بے روزگار ہو گئے اور لاکھوں ایکڑ زمینوں کو پانی نہ مل سکا۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) کے ووٹ کو تقسیم کرنا ملک کے خلاف سازش ہو گی، میری درخواست ہے اس سازش کو کسی صورت کامیاب نہ ہونے دیں۔
شہباز شریف