• news
  • image

رحمان ملک کے شریف فیملی پر الزامات بے بنیاد ہیں وہ 5سال عدالت کیوں نہ گئے: پرویز رشید

لاہور (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ رحمان ملک کو سپریم کورٹ جھوٹا شخص قرار دے چکی، انکے شریف فیملی پر الزامات بے بنیاد ہیں۔ گذشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ رحمان ملک الیکشن سے قبل شور مچاکر سنسنی پھیلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے جھوٹا مقدمہ اس وقت بنایا جب وہ ایف آئی اے کے ڈائریکٹر تھے اور وہ یہ کیس پرویز مشرف کے حوالے کرکے بیرون ملک چلے گئے اور پھر این آر او کے تحت سمجھوتہ کرکے وطن واپس آئے انہوں نے کہاکہ 5سال رحمان ملک وزیر داخلہ رہے مگر انہیں یہ مقدمہ عدالت میں لیجانے کا خیال نہ آیا۔ انہوں نے کہاکہ رحمان ملک کے پاس کاغذات بھی جھوٹ کا پلندہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ کے عوام نے عمران خان کے جلسے کا بائیکاٹ کرکے ان کی بدزبانی کا مہذب جواب دیدیا ہے، عمران کبڈی میچ جتنے بندے بھی جمع نہ کر سکے۔ دریں اثناء مسلم لیگ (ن) نے پیپلز پارٹی کے رہنما رحمن ملک کو دروغ گوئی میں گوئبلز کے ہم پلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ رحمن ملک لاعلاج ہوچکے ہیں۔ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے رہنماﺅں سینیٹر مشاہد اللہ خاں، خواجہ سعد رفیق اور سردار مہتاب خان عباسی نے نوائے وقت سے الگ الگ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زرداری صاحب نے پیپلز پارٹی کو کہیں کا نہیں رکھا اور اب رحمن ملک کے ذریعے اپنا غم ہلکا کررہے ہیں۔ سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا کہ رحمن ملک سیاستدان ہیں اور نہ ہی انکے کام سیاستدانوں والے ہیں، وہ دروغ گوئی میں گوئبلز کے ہم پلہ ہیں۔ انکی الزام تراشی کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ رحمن ملک نہ سیاستدان تھے نہ ہیں نہ ہی بن سکتے ہیں۔ وہ ہمیشہ سے ہز ماسٹرز وائس ہیں۔ زرداری صاحب کے پاس ہر گھناﺅنے اور غلیظ کام کیلئے رحمن ملک سے بہتر کوئی فرد نہیں ہے۔ سردار مہتاب نے کہا کہ رحمن ملک لاعلاج ہوچکے ہیں، اللہ ان پر رحم کرے۔
ردعمل

epaper

ای پیپر-دی نیشن