دھرنوں کے شیڈول کو حتمی شکل دیدی گئی، جمہوریت مصلوب کی جارہی ہے: طاہر القادری
لاہور (سید عدنان فاروق) پاکستان عوامی تحریک نے الیکشن کے روز (11مئی کو) پرامن احتجاجی دھرنے کے شیڈول کو حتمی شکل دیدی ہے جس کے مطابق ملک کے 41 اضلاع میں بڑے احتجاجی دھرنے جبکہ چھوٹے شہروں اور قصبات میں پولنگ سٹیشنز کے قریب 3 سو سے زائد مقامات پر احتجاجی کیمپ لگائے جائیں گے۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عبدالحفیظ چودھری نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک موجودہ کرپٹ نظام کو مسترد کرتے ہوئے اس کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے جو اس ظالمانہ نظام کے زمین بوس ہونے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ اسی سلسلہ میں ملک بھر کے تمام شہروں میں پولنگ ڈے پر اس نظام کے خلاف پرامن دھرنے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ عوام کے حقوق کی آواز بلند کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اگر وطن عزیز میں حقیقی تبدیلی چاہتی ہے تو عوام کے دشمنوں، ٹیکس چوروں، لٹیروں،جعلی ڈگری کے حامل لوگوں کا راستہ روکنے کے لئے اس نظام انتخاب کو مسترد کردے جو پاکستان کی تمام بیماریوں کی جڑ اور عوام کا حقیقی دشمن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان عوامی تحریک نے پشاور سے کراچی تک 41 اضلاع میں بڑے دھرنے دینے کے پروگرام کو حتمی شکل دیدی ہے جبکہ 300 سے زائد شہروں اور قصبات میں پولنگ سٹیشنوں کے قریب پرامن دھرنے دیئے جائیں گے۔ تاہم کسی کو ووٹ ڈالنے سے نہیں روکا جائے گا بلکہ دھرنوں کا مقصد اس عوام دشمن نظام کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرانا ہے۔ 32 سالہ جدوجہد کے تناظر میں ہی 2 دسمبر 2012ءکو مینار پاکستان میں جلسہ عام اور بعد ازاں اسلام آباد لانگ مارچ اور دیگر عوامی اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔ لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کو سر عام مصلوب کیا جا رہا ہے، عدالتوں اور الیکشن کمشن کے ہونٹ سلے ہوئے ہیں۔ ایسے غیرآئینی الیکشن کے بعد حکومت اور اپوزیشن کا وہ تماشا لگے گا جو گذشتہ 65 سالوں میں کسی نے نہ دیکھا ہو گا ۔آزاد اراکین کی منڈی لگے گی اور بولی کے دام سے قوم کو اندازہ ہو جائے گا کہ ملک میں کیسی جمہوریت ہے۔ حقیقی جمہوریت تعلیم، صحت اور ملک و قوم کی خوشحالی کا نام ہے جو 65 سال سے پاکستان میں نہ آ سکی۔ پاکستان عوامی تحریک ملک میں لولی، لنگڑی اور آمرانہ جمہوریت نہیں چاہتی بلکہ حقیقی عوامی جمہوریت کے قیام کےلئے کوشاں ہے۔ ہماری جنگ ووٹنگ کے خلاف نہیں کرپٹ انتخابی نظام کے خلاف ہے۔ منہاج میڈیا سیل کے مطابق وہ پاکستان روانگی سے قبل لندن میں گفتگو کر رہے تھے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ سیاستدان، سیاسی جماعتیں اور انکے بنائے گئے ادارے نظام کو تحفظ دیتے ہیں۔ سارا نظام عوام دشمن اور انصاف دشمن ہے اس لئے ان انتخابات کے ذریعے ملک و قوم کےلئے کوئی خیر نہیں ہو گی اور یہ الیکشن ملک کو مزید کمزور کرنے کا باعث بنے گا۔11مئی کو ایک طرف کرپٹ نظام کو سہارا دینے والے ہونگے اور دوسری طرف دھرنا دیکر کرپٹ نظام کو مسترد کرنے والے۔ قوم جان لے کہ عوام دشمن نظام کو مسترد کرنے والے ہی ملک و قوم کو بچائیں گے۔