طالبان پسند قوتوں کو اقتدار میں لانے کی سازش ہو رہی ہے: الطاف حسین
ٹنڈوالہ یار (نوائے وقت رپورٹ) متحدہ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے ایک ساز ش کے تحت طالبان پسند قوتوں کو اقتدار میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے ایم کیو ایم کسی کو اپنا مینڈیٹ چرانے کی اجازت نہیں دے گی۔ قائد اعظم کے وژن پر چلنے والوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے دہشت گرد شیرخوار بچوں اور خواتین کو بھی نہیں بخش رہے۔ الطاف حسین نے انکشاف کیا کہ عزیز آباد میں ایم کیو ایم کے دفتر پر حملہ کرنےوالے اسی علاقے کے اردو بولنے والے طالبان تھے انہوں نے کہا طالبان صرف کے پی کے یا فاٹا ہی میں نہیں، ہر زبان بولنے والوں میں موجود ہیں۔ ٹنڈوالہ یار، ٹھٹھہ اور سجاول میں جلسوں سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ڈنڈا اور کلاشنکوف بردار شریعت کو قبول نہیں کرے گی۔ دہشتگرد ایم کیو ایم کو بم دھماکے کرکے خوف زدہ نہیں کر سکتے ایم کیو ایم دہشت گردوں کے آگے کبھی سر نہیں جھکائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں سندھیوں، پنجاب میں پنجابیوں کے ذریعے دھماکے کرائے جا رہے ہیں، کراچی کی گلیوں میں اردو بولنے والوں سے دھماکے کرائے جارہے ہیں،جو آپ کے اپنے ہیں ان پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لبرل، جمہوری اورروشن خیال جماعتوں کو انتخابی سرگرمیوں کی اجازت نہیں، طالبان کے حامیوں کو کھلے عام جلسے اور ریلی کی اجازت ہے،دہشت گردوں کے آگے سرینڈر نہیں کریں گے،ڈنڈا بردار شریعت، کلاشنکوف بردار شریعت کو قبول نہیں کریں گے،پاکستان کو ڈنڈا ردار شریعت نافذ کرنے والوں کے حوالے نہ کیا جائے،دہشت گردوں کے دھماکوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے،انہوں نے کہا کہایم کیو ایم واحد جماعت ہے جس نے متوسط طبقے کے لوگوں کو ایوانوں میں بھیجا،ایم کیو ایم ٹکٹ فروخت نہیں کرتی، میرٹ پر ٹکٹ دیتی ہے۔ الطاف حسین نے کہا کہ دہشت گردی سے الیکشن روکنے کی سازش ہو رہی ہے، طالبان کے آگے سر جھکایا ہے نہ جھکائیں گے۔