• news

گیارہ مئی کو صوبہ پنجاب کو مکمل سیل رکھنے کا فیصلہ

لاہور (سپیشل رپورٹر) سکیورٹی خدشات اور کالعدم تنظیموں کی طرف سے ملنے والی دھمکیوں کے باعث پنجاب بھر کو 11 مئی کے روز انتخابات کے موقع پر مکمل سیل کردیا جائیگا اس حوالے سے صوبائی محکمہ داخلہ نے آئی جی آفتاب سلطان کی مشاورت سے منظوری دیدی گئی ہے اور صوبہ پنجاب میں فوج اور رینجرز اور پولیس کے اہلکار اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دینے کےلئے اپنی متعلقہ جگہوں پر پہنچ چکے ہیں۔ سرحدی علاقوں کے ساتھ ساتھ دریائی علاقوں پر بھی سکیورٹی فول پروف انتظامات کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق کالعدم تنظیموں کی طرف سے الیکشن کے موقع پر دہشتگردی کے پیش نظر صوبے میں داخل ہونیوالی گاڑیوں کی بھی مکمل چیکنگ کی جائیگی اور ان میں سوار مسافروں کی جامہ تلاشی اور اصلی شناختی کارڈ بھی چیک کئے جائینگے۔ تمام ایس ایس پی صاحبان کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں الیکشن کے موقع پر کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیکر روزانہ کی بنیادوں پر اپنی رپورٹ آئی جی پنجاب کو ارسال کرنے کا پابند ہونگے۔ الیکشن کے موقع پر کسی بھی اہلکار کی ڈیوٹی میں غفلت اور لاپرواہی کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔ اسکے علاوہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکاروں کو دریائی علاقوں میں بھی متعین کیا جا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن