مسلم لیگ ن میرے فارمولے پر عمل کرتی تو آج لوڈ شیڈنگ نہ ہوتی: شجاعت
لاہور (ثناءنیوز) ق لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کا دارو مدار صنعتوں کے فروغ پر ہے، ق لیگ نے ماضی میں جس طرح صنعتوں کو ترقی دی اور ان کے مسائل کا خاتمہ کیا، اسی طرح مستقبل میں یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات میں ایک فین کمپنی کے ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران نے جہاں عام آدمی کو متاثر کیا وہاں صنعتکار بھی شدید متاثر ہوئے۔ اگر ایک کارخانہ بند ہو تو سینکڑوں گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوجاتے ہیں۔ اس مسئلے کے حل کا میں نے فارمولا پیش کیا تھا، لیکن بدقسمتی سے ن لیگ کی ہٹ دھرمی نے اس پر عمل نہیں ہونے دیا۔ اگر اس پر عمل درآمد کر لیا جاتا تو لوڈ شیڈنگ تین ماہ میں ختم ہوجانا تھی۔ اگر عوام نے موقع دیا تو سب سے پہلے اس مسئلہ کو حل کریں گے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ہم اپنی کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ 11 مئی کو عوام سائیکل پر مہر لگا کر ملکی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔