• news

ایفیڈرین کیس: مخدوم شہاب کا فرنٹ مین گرفتار، خوشنود لاشاری کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری

راولپنڈی(آئی این پی+ ثنا نیوز) راولپنڈی کی اینٹی نارکوٹکس فورس نے ایفی ڈرین کیس میں ملوث مخدوم شہاب الدین کے فرنٹ مین انجم شاہ گرفتار کرلیا، ملزم وعدہ معاف گواہ بننے پر تیار ہو گیا‘ عدالت نے انتخابات میں مصروفیات کے باعث علی موسیٰ گیلانی اور مخدوم شہاب الدین گیلانی کو عدالت حاضری سے مستثنیٰ قرار دیدیا‘ سابق سیکرٹری صحت خوشنود اختر لاشاری کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری‘سماعت 10جون تک ملتوی۔ پیر کو راولپنڈی میں انسداد منشیات کی عدالت نے ایفی ڈرین کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت علی موسی گیلانی اور مخدوم شہاب الدین کے وکیل نے انتخابات میں مصروفیت کے باعث عدالت میں مستثنیٰ قرار دینے کی درخواست کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے انہیں حاضری سے مستثنی قرار دےدیا۔ عدالت نے تمام ملزمان کو چالان کی نقول فراہم کرتے ہوئے کیس کی سماعت 10 جون تک ملتوی کردی۔ عدالت نے خوشنود اختر لاشاری کو اشتہاری قرار دے کر دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیئے ۔ عدالت نے مخدوم شہاب الدین کی اثاثوں کی بحالی کے حوالے سے درخواست پر سماعت بھی ملتوی کردی۔

ای پیپر-دی نیشن