شکرگڑھ سیکٹر‘ بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ‘ گولہ باری‘ رینجرز کا منہ توڑ جواب‘ ایک بھارتی جاسوس پکڑا گیا
سیالکوٹ + شکر گڑھ + چک امرو (نامہ نگاران + ایجنسیاں) بھارتی سکیورٹی فورسز نے سیالکوٹ ورکنگ باﺅنڈری لائن کے شکر گڑھ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ وگولہ باری کی ہے جس سے پاکستانی دیہاتوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ پاکستانی رینجرز نے بھرپور جوابی کارروائی کی جس پر بھارتی توپیں خاموش ہو گئیں جبکہ پاکستانی فوج نے شکر گڑھ سیکٹر سے سرحد پار کرنے والے بھارتی جاسوس کو گرفتار کر لیا جبکہ ایک جاسوس واپس بھاگ جانے میں کامیاب ہو گیا۔ حراست میں لئے گئے جاسوس کو تحقیقات کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیر سے ملحقہ ایک سو پانچ کلو میٹر لمبی سیالکوٹ ورکنگ باﺅنڈری لائن کے شکر گڑھ سیکٹر پر اڑھائی ماہ کے وقفہ کے بعد گزشتہ روز بھارتی سکےورٹی فورسز نے بلااشتعال فائرنگ وگولہ باری کی۔ بھارتی سکےورٹی فورسز نے اپنی بلیئر پوسٹ سے پاکستانی سرحدی علاقوں کے دیہات اور چوکیوں پر فائرنگ کی اور بلااشتعال فائرنگ کے دوران ایک درجن سے زائد مارٹر گولے بھی برسائے ہیں تاہم فائرنگ وگولہ باری کی وجہ سے کسی جانی ومالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ سرحدی علاقوں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق فائرنگ وگولہ باری کا سلسلہ ایک گھنٹہ جاری رہا جس کا پاکستان کے چناب رینجرز نے بھی منہ توڑ جواب دیا اور بھارت کی بی ایس ایف کی پوسٹوں پر بھرپور جوابی کارروائی کی جس پر بھارتی توپیں خاموش ہو گئیں۔ بھارتی سکیورٹی فورسز کی حالیہ فائرنگ وگولہ باری سے پاکستانی سرحدی دیہات میں خوف و ہراس پھیل گیا تاہم چناب رینجرز نے دوبارہ احتجاج کرتے ہوئے فلیگ میٹنگ کا مطالبہ کیا ہے لیکن بھارتی سکیورٹی فورسز کی طرف سے تاحال اس کے بارے میں مثبت جواب نہ دیا گیا ہے۔ اڑھائی ماہ قبل بھی بھارتی فوج نے بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی تھی۔ جس کے بعد ایک فلیگ میٹنگ میں چناب رینجرز نے احتجاج کیا تھا اور آئندہ بلاجواز فائرنگ اور گولہ باری نہ کرنے پراتفاق ہوا تھا۔ دریں اثنا ترجمان پنجاب رینجرز نے کہا ہے کہ سیالکوٹ کے شکر گڑھ سیکٹر پر بھارت کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کرکے اپنے جاسوس پاکستان میں داخل کرانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے، دو بھارتی جاسوس پاکستان میں داخل ہوئے جن میں سے ایک کو رینجرز اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرکے پکڑ لیا جبکہ دوسرا واپس بھارتی حدود میں بھاگنے پر مجبور ہو گیا۔ ترجمان پنجاب رینجرز نے کہا کہ بھارت کی جانب سے فائرنگ کی آڑ میں پاکستان میں اپنے جاسوس داخل کرانے کی کوشش کی جسے رینجرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔