انتخابات کھیل نہیں‘ 11 مئی کو ملک کیلئے فیصلہ کرنا ہو گا: نوازشریف
ایبٹ آباد + پشاور (نوائے وقت رپورٹ + نوائے وقت نیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد کے عوام کے پاس تیسری بار وزیراعظم بننے نہیں آیا عوام نے پہلے بھی وزیراعظم بنایا تھا پاکستان منجدھار میں ہے پاکستان کی کشتی ڈول رہی ہے، پاکستان دنیا میں تن تنہا ہے، کہاں ہے 1990ءکا پاکستان جو دشمن کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر دیکھتا تھا موجودہ حالت دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ ایبٹ آباد میں جلسہ عام سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ قوم کے مینڈیٹ پر شب خون مارنے والے بدترین غدار ہیں۔ غداروں نے ملک کا آئین توڑ کر ظلم کیا، جہاں بجلی نہ ہو گی وہاں کارخانے کیسے چلیں گے، مزدور بھوکا سوئے گا، (ن) لیگ کے دور میں خودکش دھماکے نہیں ہوتے تھے غربت اور بےروزگاری نے عوام کی کمر توڑ دی، پاکستان کا آئین توڑنے والوں نے آج ایٹمی طاقت کا یہ حال کر دیا، گیارہ مئی کو پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ ہو گا، مسلم لیگ (ن) نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، ہم نے پاکستان میں ترقی کا دور شروع کیا، کرکٹ کھیلنے والے پاکستان کے مسائل حل نہیں کر سکتے، زرداری کا فرنٹ مین ایک کھلاڑی ہے، کھلاڑی کہتا ہے نوازشریف یہ بلا پھینٹا بھی لگاتا ہے، ہم کبھی بات کرتے ہوئے اخلاق کا دامن نہیں چھوڑتے، 11 مئی کو شیر ایسا دھاڑے گا کہ مداری، شکاری اور کھلاڑی بھاگ جائیں گے۔ ایٹمی طاقت پاکستان پر لوڈ شیڈنگ کا راج ہے، عوام نے دیکھا ہم نے ملک کی خدمت کی، ہمارے پاس تجربہ کار ٹیم ہے، ہمارا میزائل پروگرام اس خطے کا سب سے بہتر پروگرام ہے، 5 ارب ڈالر ٹھکرا دئیے لیکن ملک کی غیرت کا سودا نہیں کیا۔ آج پاکستان کے بچے بچے پر قرض ہے۔ صوابی میں جلسہ سے خطاب میں نوازشریف نے کہا ہے کہ 11 مئی کو تبدیلی نہیں انقلاب آئیگا۔ مسلم لیگ (ن) نے کھلاڑیوں والا کوئی کام نہیں کیا۔ تعلیم یافتہ اور ہنرمند افراد بیروزگار نہیں رہیں گے۔ نوجوانوں کو نوکریاں دی جائیں گی۔ موٹر وے کو پشاور سے کابل تک لے جایا جائیگا۔ پرویز مشرف اور زرداری نے ملک کے حالات خراب کئے، ہمارے دور میں تو لوڈشیڈنگ نہیں تھی۔ ملک کو ترقی کی بلندیوں تک لے جائینگے۔ ہم دوبارہ پاکستان میں امن قائم کرینگے۔ لوگ سوچ سمجھ کر ووٹ دیں۔ تمام جماعتوں کی کارکردگی کے بارے میں دیکھیں، سنجیدگی سے ملک کے حالات کے بارے میں سوچ کر فیصلہ کریں اور ووٹ دیں۔ آج زرداری، گیلانی، (ق) لیگ کے لوگ ہمیں گالیاں دے رہے ہیں۔ لوڈشیڈنگ پرویز مشرف سے تحفے میں ملی۔ زرداری نے مشرف کے تحفے کو اور بڑھایا۔ 18، 18 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ صدر سے پوچھا جائے کہ لوڈشیڈنگ کا 5 سال میں حل کیوں نہیں نکالا۔ زرداری صاحب پردے کے پیچھے بیٹھے ہوئے ہیں، ان کے اشتہارات چل رہے ہیں، زرداری کی انتخابی مہم ایک کھلاڑی چلا رہا ہے۔ تمام لوگ مسلم لیگ (ن) کیخلاف اکٹھے ہو گئے ہیں۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں نوازشریف نے کہا کہ انتخابات میں سادہ اکثریت نہ ملی تو بڑی مایوسی ہو گی۔ جو مجھے بلے سے پھینٹی لگانے کا کہتا ہے اسکے ساتھ مناظرہ کیسے ہو سکتا ہے؟ میں وزیراعظم بنا تو صدر زرداری سے حلف لونگا۔ نوازشریف نے کہا ذوالفقار مرزا سر پر قرآن رکھ کر کہہ چکے ہیں کہ رحمن ملک جھوٹا ہے۔ برطانوی اخبار ”فنانشل ٹائمز“ سے انٹرویو میں نوازشریف نے کہا کہ اگر انہیں انتخابات میں کامیابی ملی تو وہ دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خاتمے کے لئے فوج اور طالبان سمیت تمام فریقوں سے بات چیت کریں گے۔ بندوق اور گولی مسئلے کا حل نہیں ہے۔ طالبان سے مذاکرات سے قبل تمام جمہوری سیاسی جماعتوں سے اس سلسلے میں بھرپور مشاورت کی جائے گی۔ راولپنڈی میں جلسے سے خطاب نواز شریف نے کہا ہے کہ اللہ تعالی پاکستان کو کامیاب کرے اور ترقی دے۔ 11 مئی کا دن مسلم لیگ ن کی فتح کا دن ہو گا۔ میرا وطن آج پریشانی کی حالت میں ہے۔ نہ جانے میرے وطن کو کس کی نظر لگ گئی۔ عوام پریشان ہیں ملک میں کرپشن کا بازار گرم ہے ملک میں اندھیروں اور دہشتگردی کا راج ہے۔ پاکستان مسائل کا شکار ہے، میں برداشت نہیں کر سکتا کراچی اور بلوچستان میں لوگ مر رہے ہیں۔ انتخابات کوئی کھیل نہیں ملک کیلئے سنجیدہ فیصلہ کرنا ہو گا۔ 11 مئی کو عوام کو سنجیدہ فیصلہ کرنا ہو گا۔ اللہ نے موقع دیا تو راولپنڈی میں میٹرو بس چلائیں گے۔ ہم نے موٹر وے بھیک مانگ کر نہیں بنائی تھی۔ ہم اسی موٹر وے کو لاہور سے کراچی تک لے کر جائیں گے۔ میں کامیاب پاکستان دیکھنا چاہتا ہوں۔