• news

توقیر صادق کو 3 سال قید کی سزا

 راولپنڈی (نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) راولپنڈی کی احتساب عدالت نے سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کو کرپشن کیس میں باضابطہ اشتہاری قرار دے دیا۔ عدم حاضری پر انہیں تین سال قید کی سزا بھی سنا دی گئی۔ سابق چیئرمین اوگرا کیخلاف اسی ارب روپے کے کرپشن ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت نمبر ایک کے جج شاہد نصیر نے کی۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ توقیر صادق کی گرفتاری کے لئے متعدد بار رابطہ کیا گیا لیکن جواب موصول نہیں ہوا۔ عدالت نے توقیر صادق کو باضابطہ اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ سابق چیئرمین اوگرا کی جائیداد ضبط اور اکاو¿نٹ منجمد کرنے کے حوالے سے فیصلہ 14مئی کو ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے سابق چیرمین اوگرا توقیر صادق کو 3 سال قید کی سزا سناتے ہوئے ان کی منقولہ اورغیرمنقولہ جائیداد ضبط کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ عدالت نے کیس کے دیگر ملزموں کے خلاف سماعت 14 مئی تک ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ سابق چیرمین اوگرا توقیر صادق پر 80 ارب روپے سے زائد کرپشن کے الزامات ہیں اور ان کےخلاف سپریم کورٹ میں بھی مقدمات زیرسماعت ہیں جس میں عدالت نے ان کی گرفتاری کا حکم جاری کر رکھا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن