• news

پارلیمنٹ میں پہنچنے والی تمام جماعتوں سے ملکی مفاد میں بات چیت پر تیار ہیں: پرویز رشید

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے ترجمان سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں پہنچنے والی تمام جماعتوں سے ملک کے مفاد میں بات چیت کر سکتے ہیں اور حکومت سازی کےلئے عوام کی خواہشات کے مطابق ہی قدم اٹھائینگے‘ انتخابی عمل میں اب کوئی بھی ادارہ مداخلت نہیں کرےگا کیونکہ بطور ادارہ کوئی بھی اس عمل میں نہیں آنا چاہتا‘ عمران خان کی تقاریر اور پیپلز پارٹی کے مسلم لیگ (ن) کیخلاف اشتہارات کا متن ایک ہے، رحمن ملک نے پیر کے روز پریس کانفرنس کر کے عمران خان کو سٹرٹیجک سپورٹ دینے کی کوشش کی، مسلم لیگ (ن) الزام تراشی کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی اور سنجیدگی سے اصولوں کی سیاست کر رہی ہے۔ گذشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی خود تو ناکام ہو چکی اور عام انتخابات میں اس کی کامیابی کا کوئی امکان نہیں اس لئے وہ عمران خان کو سامنے کر کے مسلم لیگ (ن) کا ووٹ بنک تقسیم کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔ پیپلز پارٹی خود تحریک انصاف کےلئے ووٹ نہیں مانگ سکتی اس لئے وہ عمران خان کی حمایت میں مصروف ہے۔ عمران خان کی تقاریر پیپلز پارٹی کے اشتہارات پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رحمن ملک کو جب عدالت جھوٹا قرار دے چکی ہے تو ہم ان کے خلاف ریفرنس کیوں دائر کریں۔ ان کے پاس جھوٹا ہونے کا سرٹیفکیٹ موجود ہے تو پھر ان کے خلاف کوئی اقدام کرنے کی ضرورت نہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن