پاکستان نے بھارت کے سفر پر جانے والے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کر دی
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ ایجنسیاں) دفتر خارجہ نے بھارت جانے والے پاکستانی شہریوں کے لئے حالیہ کشیدگی کے باعث پہلا سفری ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے انہیں بھارت میں سفر اور قیام کے دوران مکمل طور پر محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی میڈیا کی یہ رپورٹیں تشویش کے ساتھ دیکھی گئی ہیں کہ بھارت میں پاکستان سے جانے والے مسافروں اور بطور خاص اجمیر شریف کے چھ سو زائرین کی سلامتی اور تحفظ کو خطرات لاحق ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر حکومت پاکستان نے اپنے شہریوں کو یہ مشورہ دیتی ہے کہ وہ بھارت کے مختلف حصوں میں سفر کرتے ہوئے تمام تر ضروری احتیاط برتیں۔ حکومتیں پاکستان بھارت سے یہ مطالبہ بھی کرتی ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر موجود پاکستانی شہریوں کی حفاظت کے مکمل انتظامات کرے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ کوٹ لکھپت جیل لاہور میں بھارتی دہشت گرد سربجیت سنگھ کی ایک جھگڑے کے دوران زخمی ہونے اور بعدازاں ہلاکت کے بعد جموں جیل میں پاکستانی قیدی ثنااللہ کو شدید زخمی کر دیا گیا جو زندگی موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔ ان واقعات کے بعد بھارت میں پاکستانی شہریوں کی سلامتی کو خطرات لاحق ہوئے ہیں۔