• news

”سربجیت ہلاکت“ دوستی بس پر امرتسر میں مشتعل بھارتی مظاہرین کا حملہ، پتھراﺅ

امرتسر،اسلام آباد (نوائے وقت نیوز+ آئی این پی) بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والے دہشتگرد سربجیت سنگھ کی پاکستانی جیل میں ہلاکت پر مشتعل بھارتی شہریوں نے امرتسر میں پاکستان بھارت دوستی بس کو روک لیا‘ پاکستان کے خلاف شدید نعرے بازی اور بس پر پتھراﺅ کیا‘ ڈرائیور بس کو لے کر قریبی تھانے میں جا گھسا‘ مشکل سے اپنی اور مسافروں کی جان بچائی‘ پولیس اسکواڈ نے اپنے گھیرے میں کانوائے بنا کر بس کو واہگہ بارڈر تک پہنچایا ۔ منگل کو پاکستان اور بھارت کے درمیان چلنے والی دوستی بس سروس کے ڈرائیور محمد خلیل نے پاکستان پہنچنے پر اعلیٰ حکام کو باضابطہ تحریری طور پر آگاہ کیا کہ وہ معمول کے مطابق دوستی بس لے کر آ رہا تھا کہ اس دوران بھارتی پنجاب کے شہر امرتسرمیں سکھوں اور ہندوﺅں کی بہت بڑی تعداد آ کر کھڑی ہو گئی اور بس کو روک لیا۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی اور مشتعل ہندوﺅں اور سکھوں نے بس پر فائرنگ کی اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں جس کے بعد صورتحال کو گھمبیر جان کر ڈرائیور بس کو تھانے لے گیا اور پولیس والوں کو تمام صورتحال سے آگاہ کیا جس کے بعد پولیس اسکواڈ نے اپنے پہرے میں بس کو کانوائے بنا کر واہگہ بارڈر تک پہنچایا۔ بس ڈرائیور کے مطابق بھارتی شہری پاکستان کے خلاف زبردست نعرے لگا رہے تھے اور دھمکیاں دے رہے تھے۔ بھارتی پولیس نے مظاہرین کو کافی دیر بعد منتشر کیا۔ دریں اثناءاسلام آباد میں متعین بھارتی ہائی کمشنر شرت سبھروال نے کہا ہے کہ بھارت میں دوستی بس پر کوئی حملہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہاکہ بس کے روٹ پر مظاہرہ ہو رہا تھا جس پر بس کو دوسرے روٹ سے پولیس سٹیشن پہنچایا گیا اور پولیس کی اضافی نفری معمول کی نفری کے ساتھ بس کے ساتھ واہگہ بارڈر تک پہنچانے کیلئے روانہ کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن