• news

زاہد اقبال نااہل قرار، راشدہ یعقوب کو مسلم لیگ ن کی ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کی اجازت

لاہور (وقائع نگار خصوصی + اپنے نامہ نگار سے + نوائے وقت نیوز) لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے این اے 162 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار زاہد اقبال کی رٹ درخواست خارج کرتے ہوئے ان کو دوہری شہریت کی بنیاد پر نااہل قرار دے دیا۔ فاضل عدالت نے ریٹرننگ افسر اور الیکشن ٹریبونل کی طرف سے زاہد اقبال کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلوں کو برقرار رکھا۔ درخواست گزارکے وکیل نے فاضل عدالت کے روبرو موقف اختیارکیا کہ ان کی سزا معطل ہوگئی ہے لٰہذا انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے جس پر عدالت نے قرار دیا کہ دوہری شہریت کی بنا پر سزا معطل ہوئی ہے سزا کالعدم نہیں کی گئی اس لئے درخواست گذار آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے۔ علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے صوبائی حلقہ پی پی 78 سے آزاد امیدوار صوبائی اسمبلی بیگم راشدہ یعقوب شیخ کو مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی ہے اور اب ان کا انتخابی نشان سرنگی کی بجائے شیر ہو گا۔ ذرائع کے مطابق صوبائی حلقہ پی پی 78 سے مسلم لیگ کے نامزد امیدوار شیخ محمد یعقوب تھے لیکن ان کے کاغذات نامزدگی الیکشن ٹربیونل ملتان سے مسترد کر دئیے گئے تھے اور لاہور ہائیکورٹ نے بھی کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کے خلاف ان کی رٹ پٹیشن خار ج کرتے ہوئے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کو برقرار رکھا جس کے بعد شیخ محمد یعقوب نے لاہور ہائیکورٹ سے اپیل خارج ہونے کے بعد اپنی بیوی اور کورنگ امیدوار راشدہ یعقوب کو الیکشن کے لئے نامزد کیا لیکن ان کو انتخابی نشان آزاد امیدوار کے طور پر الاٹ ہو چکا تھا اور مسلم لیگ (ن) نے انہیں اپنی امیدوار نامزد کر دیا مگر بیلٹ پیپر چھپ جانے کی وجہ سے انہیں انتخابی نشان شیر نہیں مل رہا تھا جس کے خلاف انہوں نے لاہور ہائیکورٹ میں رٹ دائر کی جس پر لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے انہیں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی ہے اور ان کو انتخابی نشان شیر الاٹ کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کے زاہد اقبال ضمانت کے بعد سینٹرل جیل ساہیوال سے رہا ہو گئے ہیں۔ علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر / ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نذیر احمد گجانہ نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور عبدالعلیم خان کو جاری کردہ شوکاز نوٹس کے جواب پر سماعت آج تک ملتوی کر دی ہے۔ آج کیس کا فیصلہ سنائے جانے کا قوی امکان ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کے جواب پر فریقین کے وکلا کی بحث کل 9 مئی کو ہو گی۔ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار ایاز صادق کی جانب سے ملک افضل کھوکھر اور سیف الملوک کھوکھر کے خلاف ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے پاس داخل کروائے جانے والے اعتراض پر فاضل ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے طلب کرنے پر دونوں امیدواروں نے گذشتہ روز اپنے وکیل سید ظفر عباس گیلانی کے ہمراہ حاضر ہو کر شوکاز نوٹس وصول کر لیا۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے انہیں 9 مئی تک جواب داخل کروانے کا حکم دیا ہے۔ سردار ایاز صادق کی جانب سے دائر کئے جانے والے اعتراض میں م¶قف اختیار کیا گیا کہ پی ٹی آئی کے امیدوار انتخابی حلقہ میں عمران خان کی تصویر اور بلے کے نشان والی پرچیاں تقسیم کر رہے ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن