11مئی کے دھرنے ملک میں تبدیلی کی بنیاد ثابت ہونگے: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ پولنگ ڈے دھرنے انتخابات نہیں نظام انتخابات کےخلاف ووٹ ہیں، موجودہ نظام کے تحت ہونے والا الیکشن ایک مرتبہ پھر غنڈوں اور ٹیکس چوروں کو حکمران بنا دے گا، الیکشن کمشن غیرآئینی ادارہ ہے، پاکستان عوامی تحریک کرپشن کے نظام کو ہر گز سپورٹ نہیں کریگی، عوام ملک و قوم کا مستقبل بچانا چاہتے ہیں تو 11مئی کے دھرنوں میں ہر جگہ لاکھوں کی تعداد میں شرکت کریں۔ وہ پاکستان واپسی پر لاہور ائر پورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک دشمن نظام انتخاب کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کے پرامن دھرنے عوامی ریفرنڈم ثابت ہو نگے اور 11مئی کوظالمانہ نظام اور اس کے محافظ اپنی موت آپ مر جائیں گے ۔11مئی کے دھرنے ملک میں تبدیلی نظام کی بنیاد ثابت ہوں گے اور بدی کے نظام کو مسترد کرنے کےلئے دھرنوں میں شرکت کرنا دینی و ملی تقاضا ہے ۔موجودہ انتخابی نظام کے تحت ووٹ دینا کرپشن کے نظام کو سپورٹ کرنا ہے، عوام کو اندازہ نہیں ہے کہ الیکشن کے نام پر ان کے ساتھ کتنا بڑا دھوکہ ہونے جا رہا ہے، موجودہ نظام انتخاب ملک کی آزادی کے خلاف گھناﺅنی سازش ہے۔ اس لئے ملکی استحکام،ترقی اور عوامی خوشحالی کی طرف بڑھنے کا واحد راستہ موجودہ نظام انتخاب کو کلی طور پر مسترد کرنا ہے، موجودہ کرپٹ نظام کو بچانے کےلئے الیکشن کمشن اور کرپٹ مافیا ایک ہو چکے ہیں مگر عوام اس سازش کو ناکام بنا کر دم لیں گے ۔