• news

شہباز گانے گانے، مائیک گرانے کی بجائے سستی روٹی کے 30 ارب روپے کا حساب دیں: پرویز الٰہی

گجرات (نامہ نگار) ق لیگ کے مرکزی رہنما چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ بطور وزیر اعلیٰ میں نے گجرات میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے 90 کروڑ روپے رکھے تھے جو میرے بعد اس منصوبہ پر خرچ کرنے کی بجائے شہباز شریف نے جاتی عمرا اور لاہور میں جنگلا بس پر لگا دئیے۔ وہ گجرات میں انتخابی اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے۔ خالد آباد میں احمد مختار کے قریبی ساتھی منظور ڈار نے اپنے ساتھیوں سمیتق لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ کارکردگی میں ہماری پارٹی سب سے آگے ہے، ترقیاتی کاموں میں کوئی بھی حکومت ہماری حکومت کا مقابلہ نہیں کر سکتی، ہماری وزارتِ اعلیٰ کے دور میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام پنجاب کے ہر ضلع میں کروائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی گجرات اور اہل گجرات سے دشمنی ختم نہیں ہو رہی، یہی وجہ ہے کہ گجرات میں پچھلے 5 سال میں کوئی بھی نیا منصوبہ نہیں شروع کیا بلکہ ہمارے منصوبے بھی ختم کر دئیے، ان کے دور میں چوری، ڈکیتی اور دیگر جرائم میں کئی گنا اضافہ ہوا، 140 ارب روپیہ جعلی اور فیل سکیموں پر خرچ کرنے کے بجائے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر خرچ کرتے تو عوام آج اندھیرے میں نہ بیٹھے ہوتے، شہباز شریف ڈرامے کرنے، لوگوں کو گانے سنانے اور مائیک گرانے کی بجائے سستی روٹی سکیم میں 30 ارب روپے کی کرپشن کا حساب دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اگر خوشحالی چاہتے ہیں تو بیلٹ پیپر میں سائیکل پر مہر لگائیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن