اسلام دشمن قوتیں علماءکا اسمبلیوں میں راستہ روکنے کیلئے متحد ہو چکیں: فضل الرحمان
ڈیرہ اسماعیل خان (آئی این پی) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اسلام دشمن قوتیں علمائے کرام کا اسمبلیوں میں پہنچنے کاراستہ روکنے کےلئے متحد ہو چکی ہیں، پورے ملک میں جہاں بھی جے یو آئی کے امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں ان کے مقابلہ میں اسلام اور پاکستان دشمن قوتیں متحد ہو کر تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہیں۔ وہ منگل کو پنیالہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مرزائیوںکو اقلیت قرار دلوانے اور خلاف اسلام عائلی قوانین کا راستہ رکوانے میں جہاں میرے والد مولانا مفتی محمود مرحوم کامثالی کردار کو کوششیں شامل ہیں وہیں ڈیرہ اسماعیل خان کے لیئے چشمہ لفٹ کینال اور گومل یونیورسٹی کا قیام بھی میرا کا کارنامہ ہے، ہم نے گذشتہ اسمبلی میں بھی خلاف اسلام ایک بھی بل اسمبلی سے پاس نہیں ہونے دیا، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسﺅں کی وجہ سے بلوچستان میدان جنگ بنا ہوا ہے، عالمی طاقتیں بلوچستان میں موجود ودرتی وسائل اور اس کی جغرافیائی اہمیت کی وجہ سے وہاں پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں اور ہمارے حکمران بلوچستان کے مسئلہ کے حل میں سنجیدہ نہیں۔