بنوں ہنگو : خودکش بم حملے 2 خواتین‘ پولیس اہلکار سمیت پانچ جاں بحق‘ 42 زخمی
بنوں ہنگو : خودکش بم حملے 2 خواتین‘ پولیس اہلکار سمیت پانچ جاں بحق‘ 42 زخمی
بنوں+ ہنگو+کوئٹہ+پشاور + گوجرانوالہ (ایجنسیاں+ نوائے وقت نیوز + نمائندہ خصوصی) بنوں میں خودکش، ہنگو میں بم حملے میں دوخواتین سمیت 5افراد جاں بحق 42زخمی ہوگئے۔ انتخابی دفاتر اور امیدواروں پر حملوں کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس سے ایک شخص جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق بنوں میں خودکش بمبار نے پولیس ناکہ دیکھ کر تھانہ ڈومیل کے عقب میں واقع گھروں سے بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی۔ بارودی مواد پھٹنے سے زور دار دھماکہ ہوا۔ جس کے نتیجے میں 7گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ دھماکے میں ایک خاتون موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 6پولیس اہلکاروں ،11 خواتین اور بچوں سمیت27افراد زخمی ہوگئے۔ ہسپتال میں ایک پو لیس اہلکار اور ایک خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ عینی شاہدین کے مطا بق دھماکے کے مقام پر سات فٹ لمبا اور چھ فٹ چوڑا گڑھا پڑ گیا۔ دھماکے کی آواز دور تک سنائی دی، پولیس کے مطابق 400کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ دہشت گردوں کا ممکنہ ٹاسک اے این پی کا جلسہ تھا جو دو گھنٹے بعد شروع ہونا تھا، بنوں کی سیاسی جماعتوں نے واقعہ کے سوگ میں اپنے تمام انتخابی جلسے منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ادھر پشاور میں چولی پجگی روڈ پر تحریک انصاف کے دفتر کے قریب بم دھماکہ ہوا، پولیس کے مطابق دفتر کی دیوار کو نقصان پہنچا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے دفتر کے باہر رکھا بم ناکارہ بنادیا گیا۔ ہنگو کے مین بازار میں بم دھماکہ سے 2 افراد جاں بحق اور پولیس اہلکار سمیت 15افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے ہنگو کے مین بازار میں جانی چوک کے قریب سبزی کے ایک ٹھیلے میں بارودی مواد نصب کر رکھا تھا جسکے پھٹنے سے 2 افراد جاں بحق اور 15شہری زخمی ہوگئے۔ جمرو د میں این اے 45 کے امیدوار الحاج شاہ جی گل کے انتخابی دفتر کے قریب دھماکہ ہوا چارسدہ میں پی کے 22 سے اے این پی کے امیدوار کے انتخابی دفتر کے باہر فائرنگ سے ایک شخص جاںبحق ہوگیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق مسلح افراد نے اے این پی کے امیدوار معصوم شاہ کے دفتر کے قریب فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں ایک راہگیر جاںبحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ نصیر آباد میں این اے 267 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کے قافلے پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں 2 خواتین سمیت 3افراد زخمی ہوگئے میجر(ر) عامر عزیز کے قافلے پر ڈیرہ مراد جمالی میںفائرنگ کی گئی۔ لیویز ذرائع کے مطابق میجر (ر) عامر عزیز محفوظ رہے۔ علاوہ ازیں نوشکی میں نامعلوم افراد نے ایک مجوزہ پولنگ سٹیشن کی عمارت پر دستی بم پھینکا جس سے عمارت کو جزوی نقصان پہنچا ۔ گوجرانوالہ میں آزاد امیدوار فرید اعوان کی گاڑی پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی تاہم وہ محفوظ رہے۔ پشاور میں سینیٹر ہلال رحمان کے گھر پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کر دیا، باجوڑ ایجنسی میں خار کے علاقے حاجی لونگ میں اے این پی کے رہنما عبدالمنان کے گھر کے قریب دھماکے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے نجی ٹی وی کے مطابق دھماکے کے وقت اے این پی کا اجلاس جاری تھا۔ کرم ایجنسی کے علاقہ خرڈنڈ میں بارودی سرنگ دھماکے میں ایک اہلکار جاں حق ایک زخمی ہو گیا۔ کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس پر ایک سیاسی جماعت کے انتخابی دفتر پر بم حملے میں 14 افراد زخمی ہو گئے۔ پی پی 164 فیروزوالا کے ورکرز پارٹی کے امیدوار رانا عثمان خان پر قاتلانہ حملہ ہوا وہ بال بال بچ گئے۔ رانا عثمان خان پر خنجر سے حملہ کیا گیا۔ ڈی آئی خان میں حافظ خیر محمد قبرستان ڈی آئی خان کے قری دو دھماکے ہوئے دھماکوں کے بعد علاقے میں فائرنگ شروع ہو گئی۔ دھماکوں میں ایس ایچ او کینٹ سمیت 2 پولیس والے زخمی ہو گئے۔ بیرونی سانگھڑ سے پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری کے گھر سے مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیاگیا۔ ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ وہ پیپلز پارٹی کی خواتین رہنماﺅں کو قتل کرنا چاہتا تھا۔ قلات کے علاقے جوہان میں نامعلوم مسلح افراد نے لیویز کے تھانے کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کر دیا، لیویز ذرائع کے مطابق دھماکے سے عمارت کو نقصان پہنچا۔ دھماکے کے بعد مسلح افراد 5 لیویز اہلکاروں کو اسلحہ سمیت اغوا کرکے لے گئے۔ مسلح افراد نے جوہان میں ریسٹ ہاﺅس کو بھی دھماکے سے تباہ کر دیا اور 500 کے لگ بھگ افراد سے شناختی کارڈز چھین کر فرار ہو گئے۔ صوابی کے علاقے ورم خیل میں کارروائی کے دوران پولیس نے تحریک طالبان کے دو دہشت گرد گرفتار کر لئے۔ بونیر میں اے این پی کے قافلہ پر حملے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔ شتگلئی کے قریب سردار بابک کے بھائی کی گاڑی پرفائرنگ کی گئی۔ سردار بابک پی کے 77 سے اے این پی کے امیدوار ہیں۔
بم حملے / خودکش دھماکے