رحمن ملک کے الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں‘ زرداری اور حواریوں نے اربوں روپے لوٹے : شہباز شریف
رحمن ملک کے الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں‘ زرداری اور حواریوں نے اربوں روپے لوٹے : شہباز شریف
لاہور + کمالیہ (خصوصی رپورٹر + نامہ نگار) سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ رحمن ملک کے منی لانڈرنگ کے الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں، وہ سیاسی ڈرامہ بازی کر رہے ہیں، مسلم لیگ ن کے خلاف ایسے ہتھکنڈے اس لئے آزمائے جا رہے ہیں کہ پیپلز پارٹی اپنی بیڈ گورننس اور کرتوتوں کے باعث میدان سے غائب ہے۔ وہ مرکزی رہنما اسحاق ڈار کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ رحمن ملک کے الزامات بے بنیاد ہیں، ایسے شخص کی بات میں صداقت نہیں ہو سکتی جس نے خود سپریم کورٹ میں دوہری شہریت سے متعلق جھوٹ بولا ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہ چار کا ٹولہ ہے جو مسلم لیگ ن کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔ جن میں سے تین کے نام بتادئیے تھے ایک نام وقت آنے پر بتاﺅں گا۔ پیپلز پارٹی نے ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔ 11 مئی کو قوم نئے دور کا آغاز کرے گی اور ہماری خدمات کو سامنے رکھ کر فیصلے کرے گی۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ 11 مئی کو سوچ سمجھ کر ووٹ کے استعمال کا فیصلہ کرے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ہم عوام پر چھوڑتے ہیں کہ کس پارٹی نے ملک کو تباہ کیا۔ مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم ماضی کی کارکردگی کی بنیاد پر چلائی جا رہی ہے۔ پانچ سال صوبے کی خدمت عوام کے سامنے ہے، عالمی معیار کا منصوبہ میٹرو بس صرف دس ماہ میں پورا کیا، وطن کارڈ کے ذریعے متاثرین سیلاب کو 23 ارب روپے کی رقم فراہم کی۔ اسحاق ڈار نے بھی رحمن ملک کے الزامات کی تردید کی۔ انہوں نے کہا کہ رحمن ملک نے حقائق کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حدیبیہ پیپر ملز کا جھوٹا ریفرنس رحمن ملک نے بنایا تھا۔ اے پی اے کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ صدر زرادری اور ان کے حواریوں نے پاکستان کے خزانے کو لوٹا اور کرپشن کے انبار لگائے، قوم 11 مئی کو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کر دے گی۔ ایک دھیلے کی کرپشن ثابت ہو جائے تو وہ قوم کے سامنے ہر سزا بھگتنے کو تیار ہیں۔ لوٹے ہوئے اربوں روپے کے اشتہارات ن لیگ کے خلاف دیئے جا رہے ہیں۔ میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان کو خدا صحت دے لیکن قوم اب کسی جذباتی کیفیت میں نہیں آئے گی اور پوری سنجیدگی اور دل و دماغ سے ووٹ کا استعمال کرے گی۔ بینظیر بھٹو کی شہادت کے نتیجے میں 2008ءکے انتخابات میں جذبات اور ہمدردی کا ووٹ ڈالنے والوں کو اسکا خمیازہ اندھیروں کی صورت میں بھگتنا پڑا، اب عوام کسی کو جذبات کی بنیاد پر نہیں بلکہ سابقہ ریکارڈ اور کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ ڈالیں گے ‘ ملک کے موجودہ حالات میں جو بھی ووٹ مسلم لیگ (ن) کی صندوقچی کے سوا کہیں اور جائےگا وہ اصل میں زرداری کا ووٹ ہوگا ‘ کمالیہ میں جلسے سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر میں دس ماہ میں میٹرو بس سروس منصوبہ کو مکمل کروا کر چلوا سکتا ہوں تو پھر میں دو سال میں ملک سے اندھیرے بھی ختم کر سکتا ہوں۔ میٹرو بس پر تنقید کرنے والوں کو صرف اتنا کہوں گا کہ میں اگر میٹرو بس سروس منصوبہ نہ بناتا تو کیا میں زرداری کے لئے جہاز اور رحمن ملک کے لئے ہیلی کاپٹر خریدتا؟ آج اس بس پر طالب علم، مریض ، کارخانوں کے مزدور، استاد، اور عام آدمی سفر کر رہے ہیں۔ اس منصوبے کا براہ راست فائدہ عام آدمی کو پہنچ رہا ہے۔ 2012 ءمیں ڈینگی نے پنجاب اور لاہور پر دنیا کا سب سے بڑا حملہ کیا تھا ۔ جس پر ہم نے اپنی بہترین حکمت عملی کے ساتھ قابو پایا ہے۔ زرداری اور اس کے حواریوں نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے۔ اگر یہ زرداری ٹولہ پانچ سو سال بھی ملک پر حکومت کر لے تو ملک سے اندھیرے ختم نہیں کر سکتے۔ عمران خان کہتے ہیں کہ میں نے بچوں کو لیپ ٹاپ دئےے ہیں۔ مجھے خان صاحب یہ بتائیں کہ اگر میں ان ذہین طلباءو طالبات کو لیپ ٹاپ نہ دیتا تو کیا کلاشنکوف ان کے ہاتھ میں تھما دیتا۔ اگر آپ لوگوں نے سیاست کرنی ہے تو اپنا کوئی پروگرام لائیں۔ تیر، بلے اور سائیکل پر اعتماد مت کرنا یہ آپ کے کبھی بھی خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔ اللہ کے فضل سے 11 مئی کو شیر آرہا ہے ۔ اس شیر نے موٹر وے بنوائی، 11 مئی کو زرداری کا دیا بجھ جائے گا، لیکن آپ کو ہوشیار رہنا چاہیے۔ کچھ پارٹیاں زرداری کے ساتھ مل کر سازش کر کے ن لیگ کے ووٹ کو تقسیم کر کے ملک کو اندھیرے میں رکھنا چاہتے ہیں۔ زرداری نے عوام کا حقہ بھی بند کر دیا ہے۔ پنجاب کے اوپر جتنا ظلم زرداری اور اس کے حواریوں نے کیا ہے۔ اس ظلم سے پاکستان سے باہر بیٹھے ہوئے پاکستانیوں کی آنکھیں بھی اشک بار ہیں۔ امیدوار قومی اسمبلی چوہدری اسد الرحمن نے کہا کہ پانچ سال میں ملک کا قرضہ دوگنا ہو چکا ہے۔ جتنا قرضہ اکسٹھ سالوں میں تھا وفاقی حکومت نے پانچ سالوں اتنا قرضہ لے لیا ہے۔ ملکی ادارے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔ امیدوار صوبائی اسمبلی نازیہ راحیل نے کہا کہ انرجی بحران کی وجہ سے آج ہماری صنعتیں بند ہو چکی ہیں اور بنگلہ دیش شفٹ ہو رہی ہیں۔ پی پی 89 کے امیدوار مخدوم علی رضا، مصطفی رمدے، عائشہ فاروق رمدے، خالد احمد خان کھرل، حاجی محمد زکریا رحمانی، عبد الکریم انصاری، مخدوم پیر اختر عباس کرمانی، چوہدری شاہد اقبال گجر، سید اکبر علی شاہ، میاں ساجد الرحمن، ملک محمد شریف، رائے ضیاءاللہ خاں، ملک امجد یعقوب، حیدر علی خاں کھرل، آفتاب فتیانہ، خالد نواز باجوہ ، عتیق الرحمن پپو ، حاجی شفقت رسول ، چوہدری خوشی محمد جٹ ، اور سردار اکرم ڈوگر نے بھی خطاب کیا۔ ڈی جی خان میں جلسے سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ کرپشن نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا آصف زرداری اور انکے حواریوں نے ملک کے اربوں روپے لوٹے ہمارے امیدواروں کو کامیاب کروائیں تاکہ اندھیرے ختم ہوں۔سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف نے غالب مارکیٹ لاہور میں جلسہ سے خطاب میں کہا کہ عوام کرپشن اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں تو 11 مئی کو نواز شریف کو لانا ہو گا۔ سائیکل، تیر، بلا آپس میں مل چکے ہیں۔ رینٹل پاور میں اربوں روپے کا گھپلا کیا گیا۔ سائیکل، تیر اور بلا مل کر بھی ن لیگ کو شکست نہیں دے سکتے۔ کرپشن کا ایک دھیلا بھی ثابت ہو تو میرا گریبان عوام کا ہاتھ ہو گا۔ پی ٹی آئی رینٹل کیس میں پیپلز پارٹی کو ذمہ دار نہیں سمجھتی۔ پاکستانی عوام کرپشن کا اربوں روپیہ ہضم نہیں ہونے دینگے۔ ہم نے خدمت کے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ نواز شریف نے بھارت کے 5 ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 6 ایٹمی دھماکے کئے۔ پی ٹی آئی والے کہتے ہیں کہ ن کے مقابلے میں جنون ہے۔ ن کے بغیر تو جنون بن ہی نہیں سکتا۔ کرپشن کرنے والوں کو عوام کے کٹہرے میں لانا ہو گا۔
شہباز شریف