• news

نواز، شہبازشریف، جاوید ہاشمی سمیت نادہندہ امیدواروں کو انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے کیلئے درخواست کی بطور اعتراض کیس سماعت آج ہو گی

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ میں میاں نوازشریف، میاں شہبازشریف، جاوید ہاشمی اور ارباب غلام رحیم سمیت دیگر نادہندہ امیدواروں کو انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے کیلئے دائر درخواست کی بطور اعتراض کیس سماعت آج ہو گی۔ درخواست پر رجسٹرار نے اعتراض لگاتے ہوئے قرار دیا کہ اس نوعیت کی درخواست پہلے ہی زیر التوا ہے لٰہذا موجودہ درخواست ناقابل سماعت ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے حنیف طاہر ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ ان کی درخواست بطور اعتراض کیس عدالت کے روبرو پیش کی جائے۔ جس پر کیس سماعت کے لئے فکس کردیا گیا ہے۔ دریں اثناءلاہور ہائیکورٹ میںسیالکوٹ سے قومی اسمبلی کے حلقہ 114 کے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اور مشرف حکومت کے سابق وفاقی وزیر زاہد حامد کو انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے کے لئے درخواست دائر کردی گئی ہے۔ درخواست گزار کے وکیل احسن عباس نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ زاہد حامد مشرف حکومت میں وزیر قانون تھے اور حکومت کی طرف سے کئے گئے غیر آئینی اقدامات میں برابر کے ذمہ دار ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن