• news

تعلیم کو فروغ دیکر ہی قوم غربت، انتہاپسندی، بیروزگاری سے نجات پا سکے گی: نجم سیٹھی

لاہور (ثناءنیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ تعلیم کو فروغ دے کر ملک کو غربت، بیروزگاری اور انتہاپسندی جیسے مسائل سے نجات دلائی جاسکتی ہے۔ پنجاب حکومت تعلیم عام کرنے اور تعلیمی شعبے کی بہتری کیلئے وسائل فراہم کرتی رہے گی۔ وہ ایوان وزیراعلیٰ میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا غریب کا بھی تعلیم پر اتنا ہی حق ہے جتنا امیر کا۔ امیر اور غریب کے بچوں کو حصول تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو تعلیم بالخصوص جدید علوم سے آراستہ کرکے ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ معیاری تعلیم کی فراہمی اور فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ دانش سکولوں کے حوالے سے قابل عمل فنانشل ماڈل بنانے کا جائزہ لیا جائے اور فنانشل ماڈل کے حوالے سے 7روز میں سفارشات پیش کی جائیں۔ دریں اثناءلاہور اولڈ سٹی پراجیکٹ کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہاکہ تہذیبی ورثے اور تاریخی عمارتوںکو محفوظ بنانے کے لئے لاہور والڈسٹی پراجیکٹ کو مربوط انداز میں آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پراجیکٹ پر موثر انداز میں عملدرآمد کے لئے لاہور والڈ سٹی اتھارٹی کو مزید بااختیار بنانے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں لاہور والڈ سٹی اتھارٹی کے امور طے کرنے کے لئے چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ہدایت کی کہ کمیٹی تمام معاملات کا جائزہ لے کر آئندہ اجلاس میں حتمی سفارشات پیش کرے۔ اجلاس میں لاہور والڈ سٹی پراجیکٹ، جنرل بس سٹینڈ بادامی باغ و ٹرک اڈہ راوی روڈ کی منتقلی، لاہور والڈ سٹی اتھارٹی کے امور اور والڈ سٹی لاہور اتھارٹی ایکٹ 2012ءکا جائزہ لیا گیا۔ نجم سیھٹی نے کہاکہ شہر سے لاری اڈہ اور ٹرک اڈوں کی منتقلی سے ٹریفک کے بہاﺅ میں نمایاں بہتری لائی جاسکتی ہے۔ اسی طرح ایک اور اجلاس کے دوران نگران وزیراعلیٰ نے کہا لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی طرز پر صوبے کے دیگر بڑے شہروں میں بھی ٹرانسپورٹ کمپنیاں بنانے کا جائزہ لیا جائے۔ لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی تمام بسوں میں ای ٹکٹنگ سسٹم لانے کے لئے منصوبہ بندی اور اقدامات کرے۔ نگران وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بسوں کے تمام روٹس پر بہترین شیلٹرز تعمیر کئے جائیں، بس سٹاپوں پر مسافروں کی رہنمائی کے لئے روٹ میپ بھی ہونے چاہئیں، بس سٹاپوں پر مسافروں کے لئے بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، تمام بس سٹاپوں کا ڈیزائن ایک جیسا ہونا چاہئے۔علاوہ ازیں نگران وزیراعلی پنجاب نجم سیٹھی نے علی پور چٹھہ میں خاتون پر تشدد اور اس کی ناک کاٹنے کے ملزم کو فوری گرفتار کرنے اور خاتون کو بہتر علاج کی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 7 سالہ بچے پر تشدد کرنیوالے سکول ٹیچر کیخلاف کارروائی کا حکم دیا ان دونوں واقعات کے علاوہ انہوں نے گوجرانوالہ میں آزاد امیدوار فرید اقبال اعوان کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعہ کی پولیس حکام سے رپورٹ طلب کر لی۔

ای پیپر-دی نیشن