• news

پرویز اشرف اربوں روپے کی کرپشن کے سوال پر سیخ پا

اسلام آباد (این این آئی) سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف پیپلز پارٹی کی حکومت میں اربوں روپے کی کرپشن کے سوال پر سیخ پا ہو گئے اور کہا کہ اسلام آباد کے صحافی امیر ہیں ہم نے غریبوں کیلئے کام کیا ہے بحث کرنی ہے تو ڈائس آمنے سامنے لگا لیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کے بعد ایک سندھی صحافی نے راجہ پرویز اشرف سے سوال کیا کہ پیپلز پارٹی کی پانچ سالہ حکومت میں اربوں روپے کی کرپشن ہوئی، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے لوگوں کو بھکاری بنایا گیا، پی پی حکومت نے عوام کو کیا دیا جس پر سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سیخ پا ہو گئے اور جذباتی انداز میں کہا کہ اسلام آباد کے صحافی امیر ہیں ہم نے غریبوں کیلئے بہت کچھ کیا، 2008ءمیں ملک میں آٹا نہیں تھا فوڈ سکیورٹی دی آئین کو بحال کیا دہشت گردوں کیخلاف کارنامہ سرانجام دیا۔ حکومتی رٹ قائم کی سٹاک ایکسچینج بلند ترین سطح پر گئی، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے 70 لاکھ لوگوں کی امداد کی جبکہ 46 ارب روپے جو تنور میں جھونکے گئے اس پر کوئی سوال نہیں کرتا۔ 

ای پیپر-دی نیشن