ریاستی ادارے کسی حکومت کیلئے نہیں ہوتے: وزیر اطلاعات
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عارف نظامی نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن سے 11 مئی کے عام انتخابات کے بروقت اور ذمہ داری کے ساتھ انتخابی نتائج عوام تک پہنچانے کے لئے انتظامات کئے گئے ہیں۔ وہ انتخابات اور ان کے نتائج کے اعلان کے حوالہ سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کے موقع پر اظہار خیال کررہے تھے۔ عارف نظامی نے کہا کہ ریاستی ادارے کسی حکومت کے لئے نہیں ہوتے۔ نگران حکومت نے پی ٹی و ی سمیت سرکاری میڈیا کو مکمل طور پر آزادی دی ہوئی ہے۔ وزیراطلاعات عارف نظامی کو اس موقع پر بتایا گیا کہ پی ٹی وی 11 مئی کی صبح آٹھ بجے میراتھان نشریات کا آغاز کرے گا جو تمام دن پولنگ، رائے دہندگی کی شرح سمیت ملک بھر کی خبریں اور انتخابی سرگرمیوں کے حوالے سے رپورٹس پیش کرے گا۔