• news

اسحاق ڈار منی لانڈرنگ کے الزامات کی مسجد نبوی میں بیٹھ کر تردید کریں: رحمان ملک

لاہور (نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ اگر وہ منی لانڈرنگ کے الزامات پر جھوٹے ہیں تو اسحاق ڈار مسجد نبوی میں بیٹھ کر ان الزامات کی تردید کریں میں مان لوں گا۔ گذشتہ روز شوکت خانم ہسپتال میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی عیادت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہاکہ عمران خان سے ان کی کوئی سیاسی گفتگو نہیں ہوئی ان کی صحت سے متعلق بات ہوئی ہے اللہ کا شکر ہے ان کی جان بچ گئی۔ عمران اس حادثے سے گھبرائے نہیں اس واقعہ پر پیپلزپارٹی کی قیادت کو بھی افسوس ہوا ہے اسی لئے وہ عمران کی عیادت کرنے آئے ہیں اور ہم نے انہیں ہرممکن مدد کی پیشکش کی ہے۔ رحمان ملک نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) والے کہتے ہیں کہ رحمان ملک جھوٹا ہے مگر یہ لوگ خود جھوٹے اور کرپٹ ہیں، میرے پاس شریف برادران کیخلاف ثبوتوں کے ساتھ درجنوں کیسز ہیں میں نے انہیں کہا تھا کہ صدر مملکت اور ہماری قیادت کو گالیاں مت دو مگر یہ نہ مانے۔ انہوں نے کہاکہ منی لانڈرنگ کے حوالے سے انکے پیش کردہ ثبوت اصلی ہیں اور اگلے 24گھنٹوں میں پریس کانفرنس کرکے وہ مزید ثبوت سامنے لائینگے جس کے بعد قوم دیکھے گی اور لاہور کے لوگ انہیں ووٹ دینا تو درکنار انکی شکل تک دیکھنا پسند نہیں کرینگے۔لاہور (خبرنگار) سابق وفاقی وزیر داخلہ اور پیپلز پارٹی کے رہنما رحمن ملک نے لاہور میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی انتخابی مہم میں ”سرپرائز“ شرکت شروع کر دی۔ واضح رہے کہ رحمن ملک لاہور میں یہ معلوم کرکے کہ اس وقت امیدوار کہاں پر کارنر میٹنگ میں مصروف ہیں وہاں پہنچ کر کارنر میٹنگ کا حصہ بن جاتے ہیں۔ رحمن ملک نے لاہور میں گزشتہ چند دنوں میں امیدوار قومی اسمبلی حاجی عزیز الرحمن چن کے حلقے میں 2 کارنر میٹنگز میں شرکت کی۔ اورنگزیب برکی کے حلقے میں انتخابی مہم میں شریک ہوئے گوالمنڈی میں ملک سہیل کی انتخابی مہم چلائی، این اے 120 میں حمید نظامی روڈ پر کارکنوں سے ملاقاتیں کرکے ان کی ناراضگیاں دور کیں۔

ای پیپر-دی نیشن