• news

وزیراعظم کا مضبوط امیدوار ہوں، عمران خان کے امکانات ختم ہو چکے: فضل الرحمن

لاہور + ڈی آئی خان (خصوصی نامہ نگار + اے پی اے) جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ آئندہ وزیراعظم بننے کا مضبوط امیدوار ہوں، عمران خان کے وزیراعظم بننے کے امکانات پہلے ہی کم تھے لیکن اب تو بالکل ہی ختم ہو چکے ہیں۔ عمران کے زخمی ہونے پر دکھ ہوا، سیاست ان کا کام نہیں وہ کرکٹ کھیلیں۔ غریب عوام کو عام انتخابات میں سرمایہ دار اور جاگیردار طبقے کی غلامی سے نکلنے کا فیصلہ کرنا ہو گا ملک کو فلاحی ریاست بنانے کےلئے مزدور کو اس کا حق دینا ہو گا ماضی میں حکمرانوں نے آنکھیں بند کر کے بلاجواز امریکہ کی حمایت نے ملک کو بدامنی میں مبتلا کر دیا ہے، آئندہ سیاست میں جے یو آئی کا اہم کردار ہو گا، ہم ملک کو اسلامی اور فلاحی ریاست بنائیں گے اور عوام کو جبر اور ظلم کے نظام سے نجات دلائیں گے اور سیا ست کو وڈیروں اور جاگیرداروں کے چنگل سے آزاد کرائیں گے۔ غریب عوام کو عام انتخابات میں سرمایہ دار اور جاگیردار طبقے کی غلامی سے نکلنے کا فیصلہ کرنا ہو گا۔ وہ ڈی آئی خان، ٹانک اور لکی مروت میں اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پارلیمنٹ میں چھوٹے حجم کے باوجود اسلامی اقدار دینی مدارس اور دینی طبقات کے تحفظ کی جدجہد کی اور کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا اسلامی اقدار کو بڑے کمزور انداز میں پیش کیا جا رہا ہے جبکہ مغربیت کو خاص ذہنیت کےساتھ پروان چڑھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسلام کے تابع جمہوریت کی بات کرتے ہیں ہماری سیاست اسلام کے تابع ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اقوام متحدہ یا کسی اور ادارے کو یہ حق نہیں دے سکتے کہ وہ ہمارے آئین و قانون کے خلاف کوئی حکم صادر کرے۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ملک کو سیکولر ریاست بنانے کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ تھیں اور رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر بننے والے ملک کو لادین ریاست بنانے والوں کے لئے ملک میں کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے قریب پرتشدد واقعات افسوسناک ہےں۔ انہوں نے کرم ایجنسی، ہنگو میں جے یو آئی کے جلسوں پر بم دھماکوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا نگران حکومت امن و امان کے حوالے سے اپنی ذمے داریاں پوری کرے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی علمبردار پیپلز پارٹی نے پنجاب اور بلوچستان میں گورنر راج لگایا۔ 

ای پیپر-دی نیشن