• news

رحیم یار خان کے لاپتہ شہری امیر احمد کو آج عدالت میں پیش کرنے کا حکم

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے رحیم یار خان سے لاپتہ شہری کو عدالت میں پیش کرنے کے لئے ایک روز کی مزید مہلت دیدی۔ سماعت آج دوبارہ ہو گی۔ امیر احمد تین سال قبل رحیم یار خان سے لاپتہ ہوا جس کی بازیابی کے لئے اس کی اہلیہ نے ہائیکورٹ میں رٹ دائر کر رکھی ہے۔ دوران سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ امیر احمد لکی مروت کے انٹرنمنٹ سنٹر میں موجود ہے جس پر فاضل عدالت نے اسے پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔ بدھ کو عدالت عالیہ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سماعت کی تو خیبر پی کے کے ایڈووکیٹ جنرل نویداختر نے موقف اپنایا کہ یہ کیس خیبر پی کے سے متعلق ہے اس لئے فاضل عدالت اس مقدمے کو سننے کی مجاز نہیں ہے۔ اس پر جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ امیر احمد کو پیش کرنے کے لئے متعدد بار احکامات جاری کئے گئے آخری موقع دے رہا ہوں، 9 مئی کو مغوی عدالت میں پیش کیا جائے۔ اس پر ایڈووکیٹ جنرل کے پی کے نوید اختر نے عدالت سے استدعا کی کہ انتخابات کے بعد کی کوئی تاریخ مقرر کی جائے جس پر فاضل جسٹس نے کہا کہ اگر مغوی کو آج (جمعرات) کو عدالت میں پیش نہ کیا گیا تو عدالت سخت حکم جاری کر سکتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن