• news

تبدیلی کا نعرہ لگانے والی پارٹیوں کو باہر سے فنڈز مل رہے ہیں: طاہر القادری

لاہور(خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والی پارٹیوں کو باہر کے ممالک سے فنڈز مل رہے ہیں جو پارٹی اپنی الیکشن مہم باہر کے پیسوں سے چلا رہی ہے وہ کس طرح ملک کی خود مختاری کا تحفظ کر سکتی ہے، ایجنسیوں کو سب کچھ پتہ ہے کہ کون سے ادارے جمہوریت اور جماعتیں شریعت کے نام پر سعودی عرب، ایران ،افغانستان سے پیسے وصول کر رہی ہیں انہیں بے نقاب نہیں کیا جاتا ۔میرے یا میرے ادارے پر ایک پیسہ بھی کسی این جی اوز ،ملک یا کسی ایجنسی سے وصول کرنے کا ثابت ہو جائے تو اپنے آپ کو سزائے موت کے لئے پیش کرتا ہوں، ہم الیکشن رکوانا نہیں چاہ رہے ہیں بلکہ ہم اس انتخابی سسٹم کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں ،الیکشن کے بعد امیدواروں کی بولی لگے گی اور ووٹ دینے والے حیران رہ جائیں گے یہ ان کے ساتھ کیا ہوا ہے ۔وہ گزشتہ روز تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ 23دسمبر کو لاہور کے جلسے اور بعد ازاں جنوری میں ہونے والے لانگ مارچ میں انہوں نے اس بات کی پیش گوئی کر دی تھی موجودہ کرپٹ انتخابی سسٹم کے ساتھ ملک میںانقلاب نہیں لایا جاسکتا۔الیکشن کمیشن اصلاحات کے نام پر عوام سے جھوٹ بولتا رہا ہے ۔الیکشن کمیشن نے ایم این اے کی سیٹ کے لئے 15لاکھ ایم پی اے کے لئے 10لاکھ روپے کا خرچہ کرنے کے احکامات جاری کئے تھے مگر الیکشن کمیشن نے آنکھ بند کر رکھی ہیں ایک ایک حلقے میں کروڑوں روپے پبلسٹی کے مد میں خرچ کئے گئے ہیں۔ اگر الیکشن کمیشن انہی پیسوں کا حساب لے لے تو تمام امیدوار نااہل ہو جائیں، اس کرپٹ انتخابی سسٹم میں ہماری جیسے جماعت حصہ لے ہی نہیں سکتی۔ہم الیکشن والے دن ووٹ فار نن کے لئے مہم چلا رہے ہیں اور کسی کو بھی پولنگ بوتھ میں جانے سے نہیں روکا جائے گا۔جب انتخابات کی گرد بیٹھے گی تو پھر اپنا نظام حکومت پیش کروں گا۔ اگر ہم نے الیکشن رکوانا ہوتا تو پھر پولنگ سٹیشنوں کے باہر دما دم مست قلندر کرتے۔ ہمارا اور طالبان کا ایک ایجنڈا نہیں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن