• news

شیخوپورہ: الیکشن ڈیوٹی کیلئے حاضر نہ ہونے پر 2 پریذائیڈنگ، 2 پولنگ افسروں کو قید کی سزا

شیخوپورہ + پنڈی بھٹیاں+ داسو (نامہ نگار خصوصی+ نامہ نگاران+ نوائے وقت نیوز) این اے 133شیخوپورہ کے ریٹرننگ افسر ڈسٹرکٹ سیشن جج نے الیکشن ڈیوٹی کیلئے حاضر نہ ہونے پر دو اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسروں اور دو پولنگ افسروں کو چھ، چھ ماہ قید کی سزا کا حکم جاری کر دیا ہے اس بارے میں ان کے محکموں کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں این اے 103پی پی 107میں 50سرکاری ملازمین کو پولنگ کی ڈیوٹیوں پر نہ آنے پر ان کے خلاف کارروائی کا حکم دیا گیا ہے جبکہ پولنگ سٹاف کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان کا کسی قسم کا عذر قبول نہیں کیا جائے گا۔ ادھر کوہستان کے سرکاری ملازمین نے پوسٹل بیلٹ پیپر کے حصول تک الیکشن ڈیوٹی سے انکار کر دیا، درجنوں افراد نے 12بجے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے دفتر کے ساتھ گزرنے والی شاہراہ ریشم دو گھنٹے تک بلاک کئے رکھی جس کی وجہ سے گلگت سے پنڈی مسافروں کی آمدورفت میں خلل پڑا۔ سرکاری ملازمین کا کہنا تھا کہ 2700سے زیادہ سے پوسٹل بیلٹ پیپرز کی درخواستیں جمع کرائی جا چکی ہیں جن کو مختلف بہانوں سے ایشو نہیں کیا جا رہا۔ علاوہ ازیں الیکشن ڈیوٹی سے انکار پر پی آئی اے کے ڈائریکٹر ایچ آر سمیت 40 افراد کی گرفتاری کا حکم دیدیا گیا ہے۔ تمام افراد کو ہتھکڑیاں لگاکر ریٹرننگ افسران کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن