کانگو: امن فورس پر حملہ، پاکستانی اہلکار شہید، بانکی مون کی مذمت
کانگو/ نیویارک (ایجنسیاں/ بی بی سی) کانگو میں امن مشن کے دستے پر حملے میں پاکستانی اہل کار شہید ہوگیا۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے واقعہ پر افسوس اور اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ اقوام متحدہ کے ترجمان کے مطابق امن مشن کے دستے کو جنوبی علاقے کیوو میں نشانہ بنایا گیا۔ گولیاں لگنے سے دستے میں شامل پاکستانی اہل کار شہید ہوگیا۔ بان کی مون نے کانگو حکومت سے قاتلوں کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ امن مشن کے اہل کار کا قتل جنگی جرم ہے جس کا مقدمہ انٹرنیشنل کرمنل کورٹ میں چلایا جا سکتا ہے۔ اقوام متحدہ نے حملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ سیکرٹری جنرل بان گی مون کے ترجمان مارٹن نیسرکی کے مطابق کانگو میں امن فورس پر حملے میں ایک پاکستانی اہلکار ہلاک ہو گیا ہے۔ بان کی مون نے پاکستانی فوجی کی ہلاکت کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔