پاکستان میں جمہوری عمل، شفاف انتخابات کی غیرمتزلزل حمایت کرتے ہیں: سفارتکاروں کا مشترکہ بیان
پاکستان میں جمہوری عمل، شفاف انتخابات کی غیرمتزلزل حمایت کرتے ہیں: سفارتکاروں کا مشترکہ بیان
اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد میں متعین سفارتی کمیونٹی نے پاکستان میں جمہوری عمل اور شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کیلئے اپنی غیرمتزلزل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد گروپوں کی طرف سے انتخابی امیدواروں اور ان کے سپورٹرز کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا، تمام امیدواروں کے جمہوری حقوق، جمہوری اداروں اور گورننس اور اپنے منتخب نمائندوں کے ذریعے حکومت میں شامل ہونے کے پاکستانی عوام کے عالمی مسلمہ حق پر حملہ ہے۔ بدھ کو یہاں ایک مشترکہ بیان میں آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان، ناروے، سوئٹزر لینڈ، امریکہ اور یورپی یونین کے سفارتخانوں نے قومی اسمبلی کیلئے 4600 اور صوبائی اسمبلیوں کیلئے 11 ہزار امیدواروں اور 86 ملین پاکستانی رجسٹرڈ ووٹرز کی طرف سے جمہوریت کیلئے ان کے عزم کا اعتراف کیا ہے۔ سفارتکاروں نے اپنے مشترکہ بیان میں حالیہ تشدد کا نشانہ بننے والوں سے ہمدردی کا اظہار اور انتخابات کو محفوظ بنانے کیلئے حکومت کی کوششوں کا خیرمقدم کیا ہے۔ سفارتکاروں نے پاکستان کے مذہبی رہنماﺅں اور بڑی سیاسی جماعتوں کی طرف سے لوگوں کو ووٹ ڈالنے اور اپنے سیاسی نمائندے منتخب کرنے کے اپنے حق کو استعمال کرنے کی ترغیب دینے کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلسل جمہوری ترقی کیلئے ضروری ہے کہ ملک کے تمام حصوں میں مرد اور خواتین کسی خوف کے بغیر الیکشن میں حصہ لے سکیں۔
سفارتکار