• news

”مختلف جماعتوں کے سربراہوں کی عمران کیلئے نیک خواہشات سیاسی رواداری کی عمدہ مثال ہے“

لاہور (رپورٹ: فرخ سعید خواجہ) قومی لیڈر عمران خان کو پیش آنے والے حادثے اور اس پر دیگر قومی قائدین بالخصوص نواز شریف سمیت مسلم لیگ ن کے قائدین کے دلسوزی کے رویے اور دعاﺅں کے ساتھ ساتھ سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف این اے 122میں عمران خان کے سب سے مضبوط انتخابی حریف سردار ایاز صادق سمیت سنیٹر پرویز رشید، خواجہ سعد رفیق، پرویز ملک کے عیادت کے لئے ہسپتال پہنچنے کا این اے 122کے دیگر امیدواروں اور ووٹروں نے خیر مقدم کیا ہے اور اسے پاکستانی قوم کا مشکل گھڑی میں ایک ہو جانے کے جذبے سے موسوم کیا ہے۔ گزشتہ روز نوائے وقت نے این اے 122کے ووٹروں سے حلقے کی انتخابی صورت حال جاننے کے لئے رابطہ قائم کیا تو اکثریت نے منگل کی شام عمران خان کو پیش آنے والے سانحے کا ذکر کیا۔ ۔ این اے 122میں تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان، مسلم لیگ ن کے مرکزی فنانس سیکرٹری سردار ایاز صادق، پیپلز پارٹی کے بیرسٹر میاں عامر حسن، متحدہ قومی موومنٹ کی محترمہ سمعیہ ناز، مسلم لیگ کونسل کے امیدوار توصیف الرحمن بھٹی،آپ جناب سرکاری پارٹی کے سربراہ نواب ڈاکٹر امبر شہزادہ، متحدہ دینی محاذ کے امیدوار حافظ عاصم مخدوم، آزاد امیدوار پاکستان کی پہلی خاتون پائلٹ شہناز لغاری، سنی تحریک کے عمران جاوید، تحریک تحفظ پاکستان کے وحید احمد خان عام انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار سردار ایاز صادق نے کہا کہ عمران خان کی عیادت کے لئے ہسپتال جانے کے قدم کو انہوں نے سیاسی رواداری اور اسلامی بھائی چارے کا تقاضا قرار دیا اور کہا کہ ان کی دعا ہے کہ عمران خان جلد صحت یاب ہوں۔ پاکستان تحریک انصاف لاہور کے صدر اور این اے 122میں عمران خان کی انتخابی مہم کے روح رواں عبدالعلیم خان نے دعویٰ کیا کہ عمران خان گیارہ مئی کو الیکشن جیت جائیں گے تاہم انہوں نے مسلم لیگ ن کی قیادت اور سردار ایاز صادق کے انسانی رویوں کی تعریف کی۔

ای پیپر-دی نیشن