نجم سیٹھی کا نوازشریف، عمران، طاہر القادری کو فون، سکیورٹی خدشات سے آگاہ کیا
نجم سیٹھی کا نوازشریف، عمران، طاہر القادری کو فون، سکیورٹی خدشات سے آگاہ کیا
لاہور(خصوصی رپورٹر+ سپیشل رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری سے ٹیلی فونک رابطے کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے سیاسی قائدین سے اپیل کی کہ وسیع تر قومی مفاد میں ریلیاں، جلسے، جلوس نہ نکالیں دھرنے نہ دیئے جائیں۔ نجم سیٹھی نے مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے انہیں ان کیلئے سکیورٹی خدشات سے آگاہ کیا انہیں بتایا کہ انہوں نے پولیس کو ہدایت کردی ہے کہ نوازشریف کی سکیورٹی کو بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے ڈاکٹر طاہرالقادری سے بھی فون پر رابطہ کرکے ان کی سکیورٹی کے حوالے سے بات چیت کی۔ ادھر محکمہ داخلہ پنجاب نے اہم سیاسی رہنماﺅں کو دہشت گردوں کی طرف سے نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات کے بعد سیاسی قائدین کو سرگرمیاں محدود رکھنے کے لئے فوری طور پرتحریری ہدایات جاری کی ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے سیاسی قائدین کو باضابطہ طور پر خط کے ذرےعے آگاہ کیا ہے کہ اطلاعات موجود ہیں کہ شرپسند عناصر انہیں اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لئے نشانہ بنا سکتے ہیں خدشہ ہے کہ سیاسی قائدین پر قاتلانہ حملوں کی کوشش ہوسکتی ہے۔ محکمہ داخلہ نے ان اطلاعات کے پیش نظر سیاسی قائدین کو ایڈوائزری وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلے مقامات پر جلسے، جلوس کئے جائیں نہ ہی ریلیاں نکالی جائیں، دھرنے دےنے سے بھی اجتناب کیا جائے۔ محکمہ داخلہ کی ایڈوائزری وارننگ میں سیاسی قائدین کو اپنی سرگرمیاں محدود رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے اور ان کو تحریر ی طور پر آگاہ کیا گیا ہے کہ وہ عوامی مقامات پر جانے سے گریز کریں۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے قانو ن نافذ کرنے والے اداروں کو سیاسی قائدین اور اہم عمارات کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ کی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے سیاسی قائدین محکمہ داخلہ کی ہدایات پر عمل کریں اور محکمہ داخلہ کی ایڈوائزری وارننگ کو سنجیدگی سے لیا جائے اور اپنی سکیورٹی میں غیرذمہ داری کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔ سپیشل رپورٹر کے مطابق حساس اداروں نے پنجاب کے تمام بڑے سیاست دانوں کے لئے سکیورٹی الرٹ جاری کردیا ہے جس پر محکمہ داخلہ کی ہدایات پر تمام سیاست دانوں کو سرگرمیاں محدود کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ ہوم ڈیپارٹمنٹ کے مطابق تمام بڑے سیاسی رہنماﺅں جن میں نوازشریف، شہبازشریف، عمران خان، طاہر القادری، جماعت اسلامی کے لیاقت بلوچ اور دیگر سیاسی مذہبی رہنماﺅں پر حملے کا خطرہ ہے اس لئے تمام سیاسی رہنماﺅں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنی سرگرمیاں محدود کردیں۔ جس رات رزلٹ آئے گا اس روز بھی وہ پبلک مقامات پر سکیورٹی کے بغیر نہ جائیں اس کے لئے تمام سیاسی رہنماﺅں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے پرائیویٹ سکیورٹی کی تفصیل پولیس کو فراہم کریں تاکہ ان کا ڈیٹا بھی چیک کیا جائے کہ وہ کسی انتہا پسند تنظیم کی سرگرمی میں ملوث تو نہیں۔
نجم سیٹھی فون