پیپلز پارٹی سے کوئی تعصب نہیں‘ فیصلے متفقہ ہوتے ہیں : الیکشن کمشن
اسلام آباد (خبرنگار+ آن لائن) الیکشن کمشن نے پیپلز پارٹی کی طرف سے لگائے جانے والے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے الیکشن کمشن غیرجانبدار اور خود مختار ہے۔ سیاسی پارٹیوں کے رہنماﺅں اور امیدواروں کو سکیورٹی مہیا کرنا صوبائی حکومتوں کا کام ہے۔ اس حوالے سے الیکشن کمشن نے صوبائی حکومتوں کو واضح ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔ ایوان صدر کی الیکشن کمشن پر الزامات کے جواب میں کمشن نے اعلامیہ جاری کیا ہے جس کے مطابق الیکشن کمشن کے ممبران غیرجانبدار اور آزاد ہیں۔ ان کی کوئی سیاسی وابستگی نہیں۔ پیپلز پارٹی کی طرف سے امن و امان پر تحفظات اور سرکاری افسران کی جانبداری سے متعلق خط کا بھی الیکشن کمشن میں جائزہ لیا گیا اور متعلقہ اداروں کو انتخابی امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ آن لائن کے مطابق میڈیا رپورٹس کا کہنا ہے چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم نے کہا الیکشن کمشن کے تمام ارکان غیرجانبدار ہیں اور الیکشن کمشن میں تمام فیصلے متفقہ طور پر کئے جاتے ہیں۔ الیکشن کمشن نے صدر زرداری کی طرف سے لکھے گئے خط کا بھی جائزہ لیا۔ صدر زرداری نے سکیورٹی خدشات اور چند افسران پر جانبداری کا الزام عائد کیا تھا۔