• news

سیاست میں راستے بند نہیں ہوتے، مخلوط حکومت کا حصہ بن سکتے ہیں: شاہ محمود

اسلام آباد (این این آئی+ اے پی اے) پاکستان تحریکِ انصاف کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے تحریکِ انصاف دہشت گردی کے حق میں نہیں ہے اور ملک میں کسی کو دہشت گردی کی اجازت نہیں دیں گے نہ ہی وہ کسی کو اس بات کی اجازت دیں گے کہ پاکستان کی سرزمین کو استعمال کرکے کسی دوسرے ملک پر حملے کریں۔ انتخابات کے بعد تحریکِ انصاف کے کسی مخلوط حکومت میں شامل ہونے کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا اور کہا کہ سیاست میں راستے بند نہیں کئے جاتے۔ بی بی سی سے گفتگو کر تے ہو ئے انھوں نے کہا کہ تحریکِ انصاف کا انتخابات کے اگلے روز اہم اجلاس ہو گا جس میں عوام سے کیے گئے وعدوں کو اور تحریکِ انصاف کے موقف کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔ صرف تحریکِ انصاف ہی طالبان سے مذاکرات کی بات کر رہی ہے جس کا مقصد افغانستان میں امن کا قیام ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ تحریک طالبان پاکستان تو جمہوریت ہی کی مخالف ہے اور ووٹ ڈالنے کے خلاف پوسٹر لگا رہی ہے تو انھوں نے کہا کہ طالبان کا اپنا نقطہ نظر ہے اور پی ٹی آئی کا اپنا۔ تحریکِ انصاف ہی ڈرون حملوں کی مخالف نہیں ہے بلکہ اس بارے میں امریکہ، برطانیہ اور مغرب میں بھی مخالفت ہے اور انٹرنیشنل ہیومن رائٹس گروپ نے بھی اس کی مخالفت کی ہے۔ پاکستان فوج کے سربراہ کے دہشت گردی کے حوالے سے دیے گئے ایک بیان پر انھوں نے کہا کہ دنیا بھر مفاہمت کی بات کر رہی ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن